لاہور،ننکانہ صاحب (ویب ڈیسک) وساکھی میلہ میں شرکت کیلئے 2238بھارتی سکھ یاتری گوردوارہ جنم استھان پہنچ گئے۔ بھارتی سکھ یاتری جتھہ اپنے لیڈر سردار سرجیت سنگھ کی قیادت میں گوردوارہ جنم استھان پہنچے، سکھ یاتریوں کو خصوصی بسوں کے ذریعے ننکانہ صاحب لایا گیا۔
سکھ یاتریوں کی آمد پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے، بھارتی سکھ یاتری ننکانہ صاحب میں 3روز قیام کریں گے۔مزید برآں سکھ یاتریوں نے ننکانہ صاحب میں مختلف مقدس مقامات کی یاترا کی۔ یاتریوں نے گوردوارہ سری کیارہ صاحب، گوردوارہ تنبو صاحب، گوردوارہ بال لیلاصاحب، گوردوارہ پٹی صاحب اور گوردوارہ مالجی صاحب کے ساتھ ساتھ گوردوارہ کیارہ صاحب میں بھی حاضری دی اور مذہبی رسومات ادا کیں۔
دوسری جانب صوبائی وزیر سردار رمیش سنگھ اروڑہ اور ناصر مشتاق نے گورودوارہ سری کیارہ صاحب کی بحالی و تزئین و آرائش کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا ۔
منصوبے کے تحت 40کمروں پر مشتمل جدید رہائشی کمپلیکس تعمیر کیا جائے گا، جس سے یاتریوں کو مزید سہولیات میسر آئیں گی۔ تقریب میں بھارت سمیت دنیا بھر سے آئے سکھ یاتریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ سکھ یاتریوں نے پاکستان میں کیے گئے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے بہترین سہولیات، سیکیورٹی اور مہمان نوازی پر حکومت پاکستان اور متعلقہ اداروں کا شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں انہیں ہمیشہ عزت اور روحانی سکون حاصل ہوتا ہے۔



