پاکستانتازہ ترین

ارض مقدس کی حفاظت، پاک فوج کے جوان، لڑاکا طیارے سعودی عرب پہنچ گئے

سعودی وزیر خزانہ نے وزیراعظم شہباز شریف، وزیر خزانہ ایم اورنگزیب سے ملاقاتیں، تعلقات مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ، تجارت، سرمایہ کاری پر زور، معاشی تعاون بڑھانے پر اتفاق: اعلامیہ

اسلام آباد، ریاض ( ویب ڈیسک ) پاکستان اور سعودی عرب نے دوطرفہ معاشی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے، سعودی عرب نے پاکستان کو مکمل مالی تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے جبکہ پاکستان نے سعودی عرب سے 5ارب ڈالر قرض میں توسیع کی درخواست کی ہے۔ ادھر ارض مقدس کی حفاظت کیلئے پاک فوج کا دستہ اور لڑاکا طیارے سعودی عرب پہنچ گئے ہیں۔
تفصیل کے مطابق وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے سعودی وزیر خزانہ محمد بن عبداللہ الجدعان کو ان کے دورہ پاکستان کے اختتام پر اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر رخصت کیا۔ اس موقع پر دونوں رہنمائوں کے درمیان خوشگوار ملاقات ہوئی، جس میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مضبوط دوطرفہ تعلقات اور معاشی تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ محمد اورنگزیب نے اس خواہش کا بھی اظہار کیا کہ وہ آئندہ ورلڈ بینک و آئی ایم ایف بہاری اجلاس کے موقع پر واشنگٹن میں محمد بن عبداللہ الجدعان سے دوبارہ ملاقات کریں گے، جو دونوں برادر ممالک کے قریبی اور دیرینہ تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔
وزارت خزانہ کی جانب سے سعودی وزیر خزانہ کے دورے کے حوالے سے جاری اعلامیہ کے مطابق سعودی عرب نے پاکستان کو مکمل مالی تعاون کی یقین دہانی کرا دی ہے۔ مشکل معاشی صورتحال میں مدد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ سعودی وزیرخزانہ کی دورہ پاکستان کے دوران اعلیٰ سطح ملاقاتوں میں قرض، ادھار تیل کی سہولت اور اقتصادی تعاون بڑھانے کے علاوہ تجارت اور سرمایہ کاری میں اضافے پر اتفاق کیا گیا۔ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اقتصادی تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق ہوگیا۔ سعودی عرب نے پاکستان کو مکمل مالی تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کرا دی۔
وزارت خزانہ کے مطابق سعودی وزیرخزانہ کے دورہ پاکستان میں سعودی عرب سے 5ارب ڈالر قرض اور آئل فنانسنگ سہولت میں توسیع کی درخواست کی گئی۔ تیل سہولت مزید 5سال بڑھانے کی تجویز بھی زیر غور آئی۔ حکام وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ پاکستان کو رواں ماہ قریبا 4ارب 80کروڑ ڈالر قرض کی ادائیگی کے دبائو کا سامنا ہے۔ ایک ارب 40کروڑ ڈالر کے یورو بانڈ کی ادائیگی پہلے ہی کی جاچکی، ایسے میں زرمبادلہ ذخائر برقرار رکھنے کے لئے مزید مالی مدد ناگزیر ہے۔ دونوں ممالک نے تجارت، سرمایہ کاری اور معیشت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا اور مضبوط برادرانہ تعلقات کی تجدید بھی کی گئی۔ قبل ازیں سعودی وزیر خزانہ نے وزیراعظم شہباز شریف سے بھی ملاقات کی، جس میں اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل عاصم منیر بھی شریک تھے۔
وزیر اعظم نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور محمد بن سلمان کیلئے نیک تمنائوں کا اظہار کیا اور سعودی قیادت کی جانب سے مسلسل مالی و اقتصادی حمایت پر شکریہ ادا کیا۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا جبکہ تجارت، سرمایہ کاری اور معیشت میں تعاون بڑھانے پر زور دیا گیا، سعودی وزیر خزانہ نے بھی تعلقات مزید مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ سعودی وزیر خزانہ اپنا ایک روزہ دورہ مکمل کرنے کے بعد وطن واپس چلے گئے، اسلام آباد ایئرپورٹ پر وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے انہیں الوداع کیا جہاں خوشگوار ماحول میں ملاقات بھی ہوئی۔ وزارت خزانہ کے اعلامیے کے مطابق ملاقات میں دونوں ممالک کے مضبوط تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ عالمی بینک اور آئی ایم ایف اجلاس کے دوران دوبارہ ملاقات کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔
وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ سعودی وزیرخزانہ کا دورہ پاکستان دونوں ممالک کی شراکت داری مزید مضبوط ہونے کا اشارہ ہے۔ دوسری جانب پاک، سعودی دفاعی معاہدے کے تحت ارض مقدس کی حفاظت کیلئے پاکستانی فوج کا دستہ سعودی عرب پہنچ گیا۔ پاک فوج کے جوان مشرقی صوبے کے کنگ عبدالعزیز ایئر بیس پہنچے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق سعودی وزارت دفاع کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ پاک سعودی دفاعی معاہدے کے تحت پاکستان سے فوجی جوانوں کا دستہ سعودی عرب کے مشرقی ریجن کی کنگ عبدالعزیز ایئر بیس پر پہنچا ہے۔ پاکستانی دستے میں پاک فضائیہ کے لڑاکا طیاروں سمیت معاون طیارے بھی شامل ہیں۔
سعودی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ پاک، سعودی فورسز مشترکہ دفاعی تعاون کو بڑھانے سمیت آپریشنل تیاریوں اور علاقائی و بین الاقوامی سطح پر سلامتی اور استحکام کو فروغ دینا ہے۔ پاکستان میں تعینات سعودی عرب کے سیفر نواف بن سعید المالکی نے بھی ایکس پر سعودی وزارت دفاع کا بیان ری ٹوئٹ کیا اور اردو میں ترجمے کے ساتھ بتایا کہ سعودی وزارت دفاع کے مطابق اسلامی جمہوریہ پاکستان کا ایک فوجی دستہ دونوں برادر ممالک کے درمیان طے پانے والے مشترکہ سٹریٹجک دفاعی معاہدے کے تحت مشرقی علاقے میں واقع کنگ عبدالعزیز ایئر بیس پہنچ گیا ہے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button