’ابھی نہ جاؤ چھوڑ کر‘ لیجنڈری گلوکارہ آشا بھوسلے 92 برس کی عمر میں چل بسیں
ممبئی (ویب ڈیسک) برصغیر کی معروف اور لیجنڈری پلے بیک سنگر آشا بھوسلے 92 برس کی عمر میں چل بسیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق آشا بھوسلے کو گزشتہ روز سینے کے انفیکشن کے باعث اسپتال میں داخل کیا گیا تھا، جہاں وہ آج چل بسیں۔ ان کے معالج ڈاکٹر پرتیت سمدانی کے مطابق وہ ملٹی آرگن فیلئر کے باعث جانبر نہ ہو سکیں۔
آشا بھوسلے کی پوتی زنائی بھوسلے نے ایک روز قبل ان کی علالت سے متعلق آگاہ کیا تھا اور مداحوں سے دعا کی اپیل کی تھی۔
خاندانی ذرائع کے مطابق ان کی آخری رسومات پیر کے روز شیواجی پارک میں ادا کی جائیں گی، جبکہ مداحوں کو لوئر پریل میں واقع ان کی رہائش گاہ پر آخری دیدار کا موقع دیا جائے گا۔
آشا بھوسلے بھارتی میوزک انڈسٹری کی ایک عظیم آواز تھیں اور انہیں موسیقی کی تاریخ کی سب سے زیادہ ریکارڈنگز کرنے والی فنکارہ کے طور پر گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز میں بھی شامل کیا گیا تھا۔
ان کے مقبول ترین گانوں میں ’’ابھی نہ جاؤ چھوڑ کر‘‘، ’’چرا لیا ہے تم نے جو دل کو‘‘، ’’دم مارو دم‘‘ اور ’’جھمکا گرا رے‘‘ شامل ہیں، جنہوں نے کئی دہائیوں تک مداحوں کو مسحور کیے رکھا۔
وہ عظیم گلوکارہ لتا منگیشکر کی چھوٹی بہن تھیں، تاہم اپنی منفرد آواز اور انداز کی بدولت انہوں نے موسیقی کی دنیا میں الگ پہچان بنائی۔
ماہرین کے مطابق آشا بھوسلے کو برصغیر کی سب سے ہمہ جہت اور بااثر گلوکاراؤں میں شمار کیا جاتا ہے، جن کی وفات موسیقی کی دنیا کے لیے ایک بڑا نقصان ہے۔



