پاکستانتازہ ترین

کراچی کے صنعتکاروں کا حکومت سے فوری اقدامات کا مطالبہ، بھتہ خوری اور بدامنی پر شدید تشویش

سائٹ ایریا میں جرائم، ٹریفک مسائل اور فیکٹریوں میں ڈکیتیوں پر احتجاج، آئی جی سندھ نے تحفظ کی یقین دہانی کرا دی

کراچی (ویب ڈیسک) سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کراچی کے صنعتکاروں نے شہر میں بڑھتی ہوئی بھتہ خوری، فیکٹریوں میں ڈکیتیوں اور امن و امان کی خراب صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے سازگار کاروباری ماحول فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

سائٹ ایسوسی ایشن میں منعقدہ ایک اہم اجلاس میں صنعتکاروں نے آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو سے مدد طلب کرتے ہوئے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف فوری اور سخت کارروائی کی جائے تاکہ صنعتی سرگرمیاں متاثر نہ ہوں۔

اجلاس میں صدر سائٹ ایسوسی ایشن عبدالرحمان فدا، سرپرست اعلیٰ زبیر موتی والا، سرپرست سلیم پاریکھ، سابق صدر جاوید بلوانی سمیت متعدد صنعتکاروں نے شرکت کی اور اپنے تحفظات کا اظہار کیا۔

صدر سائٹ ایسوسی ایشن عبدالرحمان فدا نے نارتھ کراچی صنعتی ایریا میں ایک صنعتکار پر فائرنگ کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ صنعتکار برادری کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے سائٹ ایریا میں بڑھتی ہوئی تجاوزات کو بھی سنگین مسئلہ قرار دیا۔

سرپرست اعلیٰ زبیر موتی والا نے کہا کہ تھانوں کے ماحول کے باعث شہری ایف آئی آر درج کروانے سے گریز کرتے ہیں، اس کلچر کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے تجویز دی کہ جرائم کے مقدمات کو بغیر نام کے بھی درج کیا جا سکے۔

انہوں نے ٹریفک مسائل کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ سراج قاسم تیلی فلائی اوور سے ناظم آباد انڈر پاس تک روزانہ قیمتی وقت ضائع ہوتا ہے، جبکہ غلط سمت آنے والی گاڑیوں اور شادی تقریبات میں ہوائی فائرنگ جیسے مسائل بھی سنگین صورت اختیار کر چکے ہیں۔

سرپرست سلیم پاریکھ نے مختلف اداروں کی جانب سے فیکٹریوں میں بلا اطلاع چھاپوں کو صنعتکاروں کے لیے پریشانی قرار دیا اور ان کے بہتر نظم و ضبط کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کرائم مانیٹرنگ کے لیے ڈرون کیمرہ فراہم کرنے کی تجویز بھی پیش کی۔

سابق صدر جاوید بلوانی نے تجاوزات کے مستقل خاتمے، بھاری ٹریفک پر پابندی اور ٹرکوں کے لیے مخصوص پارکنگ کے قیام کی تجویز دی۔ انہوں نے سیف سٹی پروجیکٹ کو فوری فعال کرنے پر بھی زور دیا۔

لاء اینڈ آرڈر کمیٹی کے چیئرمین عبدالہادی نے انکشاف کیا کہ علاقے میں پولیس اہلکاروں اور موبائلز کی شدید کمی ہے جس سے گشت کا نظام متاثر ہو رہا ہے، جبکہ گزشتہ چند ماہ سے فیکٹریوں میں ڈکیتی کے واقعات میں دوبارہ اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

اس موقع پر آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے صنعتکاروں کو یقین دہانی کرائی کہ بھتہ خوری، ہوائی فائرنگ اور دیگر جرائم کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، جبکہ تجاوزات کے خاتمے اور ٹریفک مسائل کے حل کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں گے۔

ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ نے بتایا کہ ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کے لیے جدید ایپ متعارف کرا دی گئی ہے اور جلد ہی لین ڈسپلن کی خلاف ورزی پر سخت چالان کیے جائیں گے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button