اربن ڈویلپمنٹ کے عالمی اتحاد کا عزم، مریم نواز ورلڈ اربن فورم میں پاکستان کی نمائندگی کیلئے باکو روانہ
لاہور (سلمان حسین) پنجاب حکومت نے اربن ڈویلپمنٹ کے لیے بین الاقوامی سطح پر نئے اتحاد بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ حکومت پنجاب کے مطابق صوبے کے بہترین ترقیاتی پراجیکٹس کو عالمی سطح پر متعارف کرانے کے لیے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف خود عالمی میدان میں سرگرم ہو گئی ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف وفد کے ہمراہ تین روزہ سرکاری دورے پر آذربائیجان کے دارالحکومت باکو پہنچ گئیں۔ باکو ایئرپورٹ پر پنجاب کے وفد کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر آذربائیجان کے ڈپٹی منسٹر ڈیفنس انڈسٹری مہمان بوکسی سوف نے وفد کا خیرمقدم کیا۔
پاکستان میں آذربائیجانی سفیر خضر فرہادوف اور ان کی اہلیہ، جبکہ آذربائیجان میں پاکستانی سفیر قاسم محی الدین اور ان کی اہلیہ بھی استقبال کے موقع پر موجود تھے۔ مریم نواز اس دورے کے دوران حکومت آذربائیجان کی سرکاری مہمان کے طور پر شریک ہوں گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب 17 مئی کو آذربائیجان کے صدر الہام علیوف سے اہم ملاقات کریں گی۔ وہ باکو میں منعقد ہونے والے ورلڈ اربن فورم میں پاکستان کی نمائندگی بھی کریں گی اور ورلڈ لیڈرز سمٹ سے خطاب کریں گی۔
پنجاب حکومت کا جدید ہاؤسنگ ماڈل "اپنی چھت، اپنا گھر” بھی ورلڈ اربن فورم میں پیش کیا جائے گا، جسے کم آمدنی والے طبقے کے لیے ایک انقلابی منصوبہ قرار دیا جا رہا ہے۔
وفد میں سینئر منسٹر مریم اورنگزیب، وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری، وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین، وزیر کھیل فیصل ایوب، وزیر زراعت عاشق حسین کرمانی اور معاون خصوصی علی ڈار بھی شامل ہیں۔
🌍 عالمی امن سے متعلق پیغام
دوسری جانب وزیراعلیٰ مریم نواز نے پرامن باہمی طرز زندگی کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا کہ پرامن، پرسکون اور پروقار دنیا کا خواب پورا کرنا وقت کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے حالیہ عالمی بحرانوں میں امن پسند ملک کے طور پر اپنی شناخت مضبوط کی ہے اور دنیا میں امن و خوشحالی کے فروغ کے لیے اہم کردار ادا کیا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ پنجاب میں پرامن اور روادار معاشرے کے قیام کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں جبکہ خواتین کو محفوظ اور بااختیار بنانے کے لیے بھی اصلاحات متعارف کرائی جا رہی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ معاشرے سے تشدد، انتہا پسندی اور عدم برداشت کے خاتمے کے لیے قانونی اور ادارہ جاتی اصلاحات جاری ہیں۔
🕊️ تعزیتی بیان
مزید برآں وزیراعلیٰ پنجاب نے معروف بزرگ صحافی اور اردو ڈائجسٹ کے مدیر الطاف حسن قریشی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ الطاف حسن قریشی کی صحافتی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی اور اردو صحافت میں ان کا خلا مدتوں پورا نہیں ہو سکے گا۔



