
لاہور (بیورو چیف) سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں نے کہا ہے کہ طب کا شعبہ انسانیت کی خدمت کا عظیم ترین ذریعہ ہے اور جدید دور میں مصنوعی ذہانت، ٹیلی میڈیسن، جینومک ریسرچ اور روبوٹک سرجری صحت کے نظام میں انقلابی تبدیلیاں لا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جدید طبی ترقی کے ساتھ انسانی ہمدردی، اخلاقیات اور مریضوں کو مساوی طبی سہولیات کی فراہمی بھی ناگزیر ہے۔
وہ لاہور میں منعقدہ پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کی بین الاقوامی میڈیکل کانفرنس 2026 کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ تقریب میں چین کے قونصل جنرل سن یون، یونیسیف پنجاب کے سربراہ رامیز بہبودوف، پروفیسر ڈاکٹر اختر سہیل چغتائی، پروفیسر ڈاکٹر محمد اشرف نظامی، پروفیسر ڈاکٹر شاہد شوکت ملک سمیت ملک و بیرون ملک سے ممتاز ڈاکٹرز، محققین اور طبی ماہرین نے شرکت کی۔
ملک محمد احمد خاں نے کہا کہ کووڈ سمیت عالمی وباؤں کے دوران ڈاکٹرز، نرسز اور طبی عملے نے بے مثال خدمات انجام دے کر انسانیت کی خدمت کی نئی مثال قائم کی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں پنجاب میں صحت کے شعبے میں تاریخی اصلاحات متعارف کرائی گئی ہیں، جن کے تحت 200 موبائل کلینکس کے ذریعے شہری اور دیہی علاقوں میں مفت طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں جبکہ بنیادی مراکز صحت کو جدید سہولیات سے آراستہ کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے پہلی مرتبہ جدید Co-Ablation مشین متعارف کرائی ہے جس کے ذریعے بغیر آپریشن کینسر کا مفت علاج ممکن بنایا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایئر ایمبولینس سروس اور موٹرویز پر ریسکیو 1122 سروس کا آغاز عوامی فلاح کی جانب اہم پیش رفت ہے۔
سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ پاکستان کو بڑھتی آبادی، نئے امراض اور طبی سہولیات کی بڑھتی ضروریات کے باعث مزید مستند اور تربیت یافتہ ڈاکٹروں کی ضرورت ہے جبکہ باصلاحیت ڈاکٹرز کا بیرون ملک منتقل ہونا قومی صحت کے نظام کیلئے بڑا چیلنج بنتا جا رہا ہے۔ انہوں نے نوجوان ڈاکٹرز پر زور دیا کہ وہ اپنی صلاحیتوں کو ملک و قوم کی خدمت کیلئے بروئے کار لائیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے طبی ماہرین اپنی صلاحیت، محنت اور پیشہ ورانہ خدمات کے باعث عالمی سطح پر نمایاں مقام رکھتے ہیں اور بین الاقوامی میڈیکل کانفرنسز تحقیق، طبی تعلیم اور عالمی تعاون کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ کانفرنس کی سفارشات طبی تحقیق، صحت پالیسی اور عوامی فلاح کے شعبوں میں مثبت پیش رفت کا باعث بنیں گی۔



