کراچی (ویب ڈیسک )K-Electric کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سید محمد طحہٰ نے سائٹ صنعتی ایریا میں بجلی چوری اور غیر قانونی کنڈوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کا عندیہ دیتے ہوئے صنعتی فیڈرز کی اپ گریڈیشن اور انفراسٹرکچر کی بہتری سمیت صنعتکاروں کے دیرینہ مسائل جلد حل کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
انہوں نے یہ بات سینئر افسران کے ہمراہ SITE Association of Industry کے دورے کے موقع پر ممبران سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں ایسوسی ایشن کے سرپرست سلیم پاریکھ، قائم مقام صدر احمد ذوالفقار چوہدری، سابق صدر جاوید بلوانی، سابق سینئر نائب صدر خالد ریاض، چیئرمین انرجی سب کمیٹی محمد کامران عربی، زونل چیئرمین APTMA انور عزیز، نائب صدر محمد طاہر گوریجا، سابق صدر احمد عظیم علوی، سابق عہدیداران، ایگزیکٹو کمیٹی اراکین اور صنعتکاروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اجلاس میں صنعتی آپریشنز، انفراسٹرکچر اور یوٹیلیٹی کوآرڈینیشن سے متعلق مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
سی ای او کے الیکٹرک سید محمد طحہٰ نے کہا کہ ادارے میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال، آؤٹیج مینجمنٹ سسٹم کی بہتری، الیکٹرانک مانیٹرنگ اور ڈسٹری بیوشن انفراسٹرکچر کی مرحلہ وار اپ گریڈیشن پر کام جاری ہے جبکہ ملٹی ایئر ٹیرف (ایم وائی ٹی) کا معاملہ بھی رواں سال ستمبر تک حل کر لیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ غیر قانونی بجلی کنکشنز اور بجلی چوری کے خاتمے کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور متعلقہ حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں تاکہ سسٹم کو مستحکم اور بجلی کی منصفانہ تقسیم یقینی بنائی جا سکے۔
ان کا کہنا تھا کہ صنعتی علاقوں کے اہم فیڈرز اور پی ایم ٹی زونز میں انفراسٹرکچر اپ گریڈیشن کو ترجیح دی جائے گی جبکہ ہنگامی فالٹس اور تکنیکی خرابیوں کے ازالے کے لیے رسپانس ٹائم بھی بہتر بنایا جائے گا۔
سید محمد طحہٰ نے نشاندہی کی کہ بعض علاقوں میں مختلف اداروں کی مشترکہ حدود کی وجہ سے خرابیوں کے حل میں تاخیر ہوتی ہے کیونکہ اجازت لینے میں وقت لگتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 11 کے وی اے ٹرانسمیشن لائنز کو مرحلہ وار 33 کے وی اے لائنز سے تبدیل کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ آئی ایس پی اے چارجز کا معاملہ بھی Special Investment Facilitation Council سطح پر حل کے لیے اٹھایا جا رہا ہے۔
سائٹ ایسوسی ایشن کے قائم مقام صدر احمد ذوالفقار چوہدری نے کے الیکٹرک کے سی ای او کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ تقریباً 4700 ایکڑ پر مشتمل سائٹ صنعتی علاقہ سالانہ تقریباً 2.8 ارب ڈالر کی برآمدات میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سید محمد طحہٰ نے بطور سی ای او Pakistan State Oil اپنی بہترین صلاحیتوں کا لوہا منوایا اور توقع ہے کہ ان کی قیادت میں صنعتوں اور کے الیکٹرک کے درمیان روابط مزید بہتر ہوں گے۔
ایسوسی ایشن کے سرپرست سلیم پاریکھ نے نئے سی ای او کو ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے بہتر فالٹ ڈیٹیکشن سسٹم، مضبوط آپریشنل رابطوں اور صنعتی شکایات کے فوری حل کی ضرورت پر زور دیا۔
سابق صدر جاوید بلوانی نے بار بار آنے والے تکنیکی فالٹس، کراس سبسڈی کے اثرات اور صنعتی مسابقت سے متعلق مسائل اجاگر کیے جبکہ سابق سینئر نائب صدر خالد ریاض نے صنعتی سہولت اور آپریشنل کوآرڈینیشن سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔
چیئرمین انرجی سب کمیٹی محمد کامران عربی نے کے الیکٹرک اور ایسوسی ایشن کے درمیان بہتر رابطوں کو سراہتے ہوئے تکنیکی خرابیوں کے بروقت حل پر زور دیا۔
زونل چیئرمین اپٹپما انور عزیز نے سی ای او کی توجہ انکریمنٹل یوز بینیفٹ کی جانب دلاتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے درپیش مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔



