انٹر نیشنلپاکستانتازہ ترین

عازمین حج کو منیٰ منتقل کرنے کا آپریشن آج بعد نماز مغرب شروع ہوگا

مکہ مکرمہ (ویب ڈیسک) مناسکِ حج کا باقاعدہ آغاز آج 8 ذوالحجہ سے ہو رہا ہے، جبکہ عازمینِ حج کو منیٰ منتقل کرنے کا آپریشن آج نمازِ مغرب کے بعد شروع کیا جائے گا۔

حج حکام کے مطابق عازمین کو منیٰ منتقل کرنے کا عمل مرحلہ وار مکمل کیا جائے گا اور یہ آپریشن آج صبح 10 بجے تک جاری رہے گا۔ کل 9 ذوالحجہ کو حج کا رکنِ اعظم وقوفِ عرفات ادا کیا جائے گا، جس کیلئے تمام حجاج کرام کو ظہر سے قبل بسوں اور مشاعر ٹرین کے ذریعے میدانِ عرفات پہنچایا جائے گا۔

عازمین حج خطبہ حج کے بعد ظہر اور عصر کی نمازیں اپنے خیموں میں ادا کریں گے اور غروبِ آفتاب تک عبادات، دعاؤں، تسبیحات اور مناجات میں مصروف رہیں گے۔ وقوفِ عرفات کے بعد حجاج کرام مغرب کی نماز ادا کیے بغیر مزدلفہ روانہ ہوں گے جہاں مغرب اور عشا کی نمازیں ادا کرنے کے ساتھ رمی کیلئے 70 کنکریاں جمع کریں گے۔

10 ذوالحجہ کی صبح وقوفِ مزدلفہ کے بعد حجاج کرام بڑے شیطان کو کنکریاں ماریں گے، قربانی اور حلق یا قصر کے بعد احرام کھول دیں گے۔ بعد ازاں 10 سے 12 ذوالحجہ کے دوران طوافِ زیارت اور سعی مکمل کی جائے گی جبکہ 11 اور 12 ذوالحجہ کو منیٰ میں تینوں شیطانوں کو کنکریاں ماری جائیں گی۔

دوسری جانب سعودی حکام نے حج 2026ء کیلئے غیرمعمولی سکیورٹی انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔ سعودی عرب کی وزارت دفاع کے مطابق مکہ مکرمہ اور مسجد الحرام کے اطراف جدید فضائی دفاعی نظام، اینٹی ایئرکرافٹ گنز، زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائل سسٹمز اور جدید ریڈار نصب کر دیے گئے ہیں تاکہ لاکھوں عازمین کو محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔

حکام کا کہنا ہے کہ ایامِ حج کے دوران زمینی نگرانی کے ساتھ فضائی نگرانی بھی مسلسل جاری رہے گی۔ رواں برس دنیا بھر سے آنے والے غیرملکی عازمینِ حج کی تعداد 15 لاکھ 18 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے جبکہ تقریباً 30 فیصد حجاج "روٹ ٹو مکہ انیشی ایٹو” کے تحت جدید امیگریشن نظام کے ذریعے سعودی عرب پہنچے۔

ادھر سعودی محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ مناسک حج کے دوران مکہ مکرمہ میں شدید گرمی کی لہر برقرار رہنے کا امکان ہے اور درجہ حرارت 47 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے، جبکہ مدینہ منورہ میں درجہ حرارت 44 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا میں نمی کا تناسب 40 فیصد تک رہے گا جبکہ بعض علاقوں میں گرد آلود ہوائیں، طوفان اور بارش کا بھی امکان موجود ہے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button