لاہور (سلمان حسین) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے چاند رات اور عیدالاضحیٰ کے ایام میں صوبہ بھر میں فول پروف سکیورٹی یقینی بنانے کا حکم دے دیا۔
مریم نواز شریف نے سکیورٹی ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کرتے ہوئے عید اجتماعات میں میٹل ڈی ٹیکٹرز اور واک تھرو گیٹس کی تنصیب یقینی بنانے کا حکم دیا۔ انہوں نے اسسٹنٹ کمشنرز کو علما کرام سے ملاقاتیں کرنے اور حکومت کے سکیورٹی و صفائی انتظامات پر بریفنگ دینے کی ہدایت بھی کی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے حساس مقامات پر غیر معمولی سکیورٹی انتظامات، چاند رات کے موقع پر مارکیٹوں میں پٹرولنگ اور لیڈیز پولیس کی تعیناتی کی ہدایت جاری کی۔ انہوں نے سکیورٹی آپریشن کیلئے سیف سٹی کے ذریعے رئیل ٹائم مانیٹرنگ یقینی بنانے کا بھی حکم دیا۔
انہوں نے کالعدم تنظیموں کی جانب سے کھالیں جمع کرنے کیلئے کیمپ لگانے پر عائد پابندی پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کرتے ہوئے ڈی پی اوز کو خود مانیٹرنگ کرنے کا حکم دیا۔ سوشل میڈیا اور دیگر ذرائع ابلاغ پر نفرت انگیز مواد کی روک تھام اور عید کے دوران ون ویلنگ، ہلڑ بازی اور ہوائی فائرنگ کے خلاف سخت کارروائی کی بھی ہدایت جاری کی گئی۔
بریفنگ کے دوران ہوم سیکرٹری احمد جاوید قاضی نے بتایا کہ صوبہ بھر میں 38 ہزار 507 مقامات پر نماز عید کے اجتماعات ہوں گے۔ دفعہ 144 کے تحت عوامی مقامات پر سری پائے بھوننے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے جبکہ جانوروں کی باقیات ڈرینوں اور عوامی مقامات پر پھینکنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب نے عالمی یومِ مارخور کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ مارخور پاکستان کے قدرتی ورثے کی علامت ہے اور موسمیاتی تبدیلیاں اس کی بقا کیلئے بڑا خطرہ بن چکی ہیں۔ انہوں نے مارخور کے تحفظ کیلئے اجتماعی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔
علاوہ ازیں مریم نواز شریف نے کوئٹہ میں بم دھماکے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار بھی کیا۔



