پاکستانتازہ ترینجرم-وسزا

یوم عاشور آج، ملک بھر میں سخت سکیورٹی انتظامات، موبائل فون سروس جزوی بند

حضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کی یاد میں ملک بھر میں مجالس اور جلوس، حساس شہروں میں ہزاروں اہلکار تعینات

لاہور، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ، کراچی (بیوروچیف/سید ظہیر نقوی)پاکستان سمیت دنیا بھر میں خاتم النبیین حضرت محمد ﷺ کے نواسے حضرت امام حسینؓ اور دیگر شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے یوم عاشور 10 محرم الحرام آج مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔

ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں شبیہ علم، شبیہ ذوالجناح اور تعزیہ کے جلوس برآمد ہوں گے، جبکہ مجالس عزا کا بھی انعقاد کیا جائے گا۔ علما کرام اور ذاکرین حضرت امام حسینؓ کی عظیم قربانی، تعلیمات اور سانحہ کربلا کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالیں گے۔

یوم عاشور کے موقع پر کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے ملک بھر میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ کراچی، لاہور، کوئٹہ سمیت حساس شہروں میں موبائل فون سروس جزوی طور پر بند رکھی جائے گی۔

کراچی میں سخت سکیورٹی انتظامات

کراچی میں یوم عاشور کے مرکزی جلوس کے لیے سخت حفاظتی اقدامات کیے گئے ہیں۔ شہر میں ڈبل سواری اور ڈرون کیمرے اڑانے پر پابندی عائد ہے، جبکہ رینجرز کے دستے پولیس کی معاونت کے لیے تعینات کیے گئے ہیں۔

جلوس کے راستوں میں آنے والی مارکیٹوں کو سیل کر دیا گیا ہے اور سکیورٹی اداروں کی جانب سے مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔

لاہور میں 11 ہزار 500 سے زائد اہلکار تعینات

لاہور میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس نثار حویلی اندرون موچی گیٹ سے برآمد ہوا جو شام کو کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔

لاہور پولیس کے مطابق یوم عاشور کے موقع پر 11 ہزار 500 سے زائد افسران اور اہلکار سکیورٹی فرائض انجام دے رہے ہیں۔

پولیس حکام کے مطابق شہر میں 231 مجالس اور 46 عزاداری جلوسوں کو بھرپور سکیورٹی فراہم کی جا رہی ہے۔

پشاور میں شہر سیل، بم ڈسپوزل اسکواڈ الرٹ

خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور اور گرد و نواح میں یوم عاشور کے جلوس ذوالجناح برآمد ہوں گے۔

محرم الحرام کے حوالے سے شہر میں سخت سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں، جبکہ ہزاروں پولیس افسران و اہلکار ڈیوٹی پر تعینات ہیں۔

اندرون شہر جلوسوں کے باعث مختلف راستوں کو سیل کیا گیا ہے۔ جلوسوں کی روانگی سے قبل بم ڈسپوزل اسکواڈ کی ٹیمیں راستوں کو کلیئر کریں گی، جبکہ گزرگاہوں کو قناتیں لگا کر بند کیا گیا ہے۔

شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر پولیس ناکہ بندی بھی کی گئی ہے۔

راولپنڈی میں 6 ہزار پولیس اہلکار تعینات

راولپنڈی میں عاشورہ محرم کے مرکزی جلوس کے لیے سکیورٹی انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

پولیس کے 6 ہزار افسران و اہلکار سکیورٹی فرائض انجام دے رہے ہیں، جبکہ معاونت کے لیے رینجرز اہلکار بھی تعینات کیے گئے ہیں۔ کوئیک رسپانس فورس کے دستے بھی الرٹ رہیں گے۔

کوئٹہ میں موبائل فون سروس بند

بلوچستان بھر میں یوم عاشور عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ کوئٹہ میں مرکزی جلوس امام بارگاہ علمدار سے برآمد ہوگا۔

سکیورٹی اقدامات کے تحت کوئٹہ میں موبائل فون سروس بند کر دی گئی ہے جبکہ جلوس کے راستوں پر اضافی نفری تعینات کی گئی ہے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button