پاکستانتازہ ترین

دہشتگردی میں مشرقی پڑوسی کا ہاتھ، مل کر فتنے کو ختم کریں گے: وزیراعظم شہباز شریف

کوئٹہ / اسلام آباد(ویب ڈیسک)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ دہشتگردی کے خلاف ریاست کی جنگ آخری دہشتگرد کے خاتمے تک جاری رہے گی۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ دہشتگردی میں پاکستان کے مشرقی پڑوسی کا ہاتھ ہے جبکہ بعض دہشتگرد افغان سرزمین استعمال کر کے پاکستان میں حملے کر رہے ہیں۔

کوئٹہ میں صوبائی ایپکس کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ چار روز کے دوران دہشتگردی کے کئی سنگین واقعات پیش آئے، تاہم سکیورٹی فورسز نے مؤثر کارروائیاں کرتے ہوئے بلوچستان میں 54 دہشتگردوں کو ہلاک کیا۔

دہشتگردی کے خلاف سیاسی اور عسکری قیادت متحد

شہباز شریف نے کہا کہ حالیہ دہشتگرد حملوں میں پولیس اہلکار، پاک فوج کے جوان اور عام شہری شہید ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے سیاسی اور عسکری قیادت ایک صفحے پر ہے اور ریاست تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے دہشتگردی کے خلاف بے مثال قربانیاں دی ہیں اور پوری قوم اپنی افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔

افغان سرزمین کے استعمال اور بیرونی معاونت کا الزام

وزیراعظم نے کہا کہ بعض دہشتگرد افغان سرزمین استعمال کرتے ہوئے پاکستان میں کارروائیاں کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا مشرقی ہمسایہ دہشتگرد عناصر کو اسلحہ اور مالی معاونت فراہم کر رہا ہے جبکہ خیبرپختونخوا میں دہشتگردی کی بعض کارروائیوں میں بھی خارجی عناصر ملوث ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت دہشتگردی کے ہر نیٹ ورک کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہے اور فتنہ الخوارج کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا جائے گا۔

دشمن پاکستان کی کامیابیاں برداشت نہیں کر پا رہا، وزیراعظم

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کی سفارتی کامیابیاں دشمن کو ہضم نہیں ہو رہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ برس مئی میں حاصل ہونے والی کامیابی بھی دشمن کو کھٹک رہی ہے، تاہم شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور پاکستان ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن رہے گا۔

ایپکس کمیٹی اجلاس میں اہم شخصیات کی شرکت

صوبائی ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل، وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سربراہان، وفاقی وزراء احد خان چیمہ، عطا اللہ تارڑ اور وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے شرکت کی۔

اجلاس کے اختتام پر وزیراعظم نے وطن کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کے درجات کی بلندی اور ان کے اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button