ولی عہد محمد بن سلمان کی دعوت پر وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر سعودی عرب پہنچ گئے
پاکستان، سعودی عرب تعلقات، علاقائی صورتحال اور دوطرفہ تعاون پر اہم ملاقاتیں ہوں گی، وزیراعظم عمرہ اور روضۂ رسول ﷺ پر حاضری بھی دیں گے
جدہ / اسلام آباد (ویب ڈیسک): وزیراعظم شہباز شریف سعودی ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کی خصوصی دعوت پر اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ سعودی عرب پہنچ گئے، جہاں ان کے دورے کے دوران پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دوطرفہ تعلقات، اقتصادی تعاون، سرمایہ کاری اور خطے کی مجموعی صورتحال پر اہم ملاقاتیں ہوں گی۔
وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کے مطابق جدہ آمد پر وزیراعظم اور ان کے وفد کا پرتپاک استقبال مکہ مکرمہ کے نائب گورنر شہزادہ سعود بن مشعل بن عبدالعزیز، سعودی وزیر ماحولیات، پانی و زراعت انجینئر عبدالرحمان بن عبدالمحسن الفضلی، پاکستان کے سعودی عرب میں سفیر احمد فاروق اور دیگر اعلیٰ سعودی و پاکستانی حکام نے کیا۔
دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف کی سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات متوقع ہے، جس میں دونوں رہنما پاکستان اور سعودی عرب کے دیرینہ برادرانہ تعلقات، سرمایہ کاری، اقتصادی شراکت داری، دفاعی تعاون اور خطے کی تازہ صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کریں گے۔
وزیراعظم اپنے دورے کے دوران عمرہ کی سعادت بھی حاصل کریں گے اور مدینہ منورہ میں روضۂ رسول حضرت محمد ﷺ پر حاضری دے کر ملکی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کریں گے۔
وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وفاقی وزیر عطاء اللہ تارڑ اور وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی سعودی عرب کے دورے میں شریک ہیں۔
چین کے سفیر کی وزیراعظم سے ملاقات
دوسری جانب سعودی عرب روانگی سے قبل پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ نے وزیراعظم شہباز شریف سے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران چینی سفیر نے چین کے صدر شی جن پنگ کا خصوصی خط وزیراعظم کے حوالے کیا، جس میں کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کے قیام کی 105ویں سالگرہ کے موقع پر وزیراعظم پاکستان کے تہنیتی پیغام پر اظہارِ تشکر کیا گیا۔
وزیراعظم نے اس موقع پر چین کے ساتھ آل ویدر اسٹریٹیجک کوآپریٹو پارٹنرشپ کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان سیاسی جماعتوں، پارلیمانوں اور عوامی سطح پر روابط بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ ملاقات میں باہمی تعاون اور علاقائی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین
ادھر وزیراعظم شہباز شریف نے ردالفتنہ۔3 کے تحت بلوچستان کے اضلاع واشک اور مستونگ میں کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔
وزیراعظم نے آپریشنز میں فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 12 دہشت گردوں کی ہلاکت پر فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ عزمِ استحکام کے وژن کے تحت دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں کامیابی سے جاری ہیں اور حکومت ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔



