بھارت: ہندوانتہا پسندوں کی اذان کیخلاف ریلی، نعرے
لائوڈ سپیکر بند نہ کئے گئے تو ہر مسجد کے سامنے ہنومان چالیسا پڑھیں گے: ہندوتوا رہنما
دہرادون(ویب ڈیسک)بھارت میں بی جے پی کے زیر اقتدار ریاست اتراکھنڈ میں ایک ہندوتوا تنظیم نے اسلام اوراذان کے خلاف ایک ریلی نکالی اور اشتعال انگیز نعرے لگائے۔
واقعہ دہرادون شہر کی مقامی جامع مسجد کے قریب پیش آیا جہاں ہندوتوا تنظیم ’’ہندو رکشا دل ‘‘کے ارکان نے ’’ ایودھیا صرف ایک جھلک تھی،اگلا نمبر کاشی اور متھراکا ہے‘‘ اور’’ بھارت میں رہنے کے لیے جے شری رام کا نعرہ لگانا ہوگا‘‘جیسے متنازعہ اور اشتعال انگیز نعرے لگائے۔
انہوں نے مسجد میں’’ہنومان چالیسا‘‘پڑھنے کا بھی مطالبہ کیا۔ایک ہندوتوا رہنما نے ایک مقامی رپورٹر سے بات کرتے ہوئے دھمکی دی کہ اگر مساجد میں لائوڈ سپیکر بند نہ کئے گئے تو بھارت بھرمیں ہر مسجد کے سامنے ہنومان چالیسا(ایک ہندو دعا )پڑھیں گے۔مسجد کے سربراہ نے کہا کہ اگر انہیں اذان کی آواز سے کوئی مسئلہ ہے تو ہم لائوڈ اسپیکر کی آواز کم کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ یہ مسائل صرف رمضان کے مقدس مہینے میں اٹھائے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ہم امن کے ساتھ رہنا چاہتے ہیں ، اس لیے اس بات کو یقینی بنانا چاہیے کہ ملک بھر میں امن و امان کی صورتحال خراب نہ ہو۔



