مساجد اور امام بارگاہوں کی کمیٹیوں کو اسلحہ لائسنس جاری کرنے کا فیصلہ،طریقہ جاری
لاہور:(ویب ڈیسک )سکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر ضلعی انتظامیہ نے مساجد اور امام بارگاہوں کے تحفظ کے لیے اہم فیصلہ کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ تمام مذہبی عبادت گاہوں کو اسلحہ لائسنس جاری کیے جائیں گے تاکہ حفاظتی انتظامات کو مزید مؤثر بنایا جاسکے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کی صلاحیت بہتر ہو۔
انتظامیہ کے مطابق اسلحہ لائسنس کسی عالمِ دین یا انفرادی شخص کے نام پر جاری نہیں کیا جائے گا بلکہ متعلقہ مسجد یا امام بارگاہ کی کمیٹی کے نام پر ہوگا۔ اس اقدام کا مقصد اسلحہ کے استعمال اور تحویل کو اجتماعی نگرانی میں رکھنا اور کسی بھی ممکنہ غلط استعمال سے بچاؤ یقینی بنانا ہے۔
حکام کا کہنا ہےمحکمہ اوقاف پنجاب کے زیر انتظام چلنے والی مساجد کے اسلحہ لائسنس محکمہ اوقاف اور متعلقہ مسجد کونسل کے نام پر جاری کیے جائیں گےجبکہ دیگر مساجد اپنی منتخب کمیٹی کے ذریعے درخواست جمع کرا سکیں گی۔طریقہ کار کے مطابق مسجد کمیٹی ضلعی انتظامیہ کو باقاعدہ درخواست دے گی جس کی سکروٹنی کی جائے گی۔
ابتدائی جانچ پڑتال کے بعد پولیس متعلقہ مسجد یا امام بارگاہ کی انسپکشن کرے گی اور سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لے کر رپورٹ مرتب کرے گی۔پولیس رپورٹ کی روشنی میں یہ فیصلہ کیا جائے گا کہ کس عبادت گاہ کو اسلحہ لائسنس جاری کیا جائے اور ضرورت کے مطابق کتنے لائسنس دیے جائیں۔
انتظامیہ کا مؤقف ہے کہ یہ اقدام صرف حفاظتی مقاصد کے لیے ہے اور اس کا مقصد مذہبی مقامات کو محفوظ بنانا ہے۔ضلعی حکام نے واضح کیا ہے کہ اسلحہ لائسنس کے اجرا کے ساتھ قانونی تقاضوں اور ضابطہ کار پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا تاکہ سکیورٹی کا نظام منظم اور مؤثر انداز میں چلایا جا سکے۔



