
لاہور:(بیوروچیف)معروف صحافی اور اردو ڈائجسٹ کے بانی الطاف حسن قریشی انتقال کر گئے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے معروف صحافی اور اردو ڈائجسٹ کے بانی الطاف حسن قریشی کے انتقال پر اظہار افسوس اور دعائے مغفرت کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ الطاف حسن قریشی کے انتقال سے صحافت کے شعبے میں ایسا خلا پیدا ہوگیا ہے جو شاید ہی کبھی پر ہوسکے، ان کی صحافت کی دنیا میں بے پایاں خدمات کو رہتی دنیا تک یاد رکھا جائے گا۔

اے پی این ایس کی جانب سے جاری بیان میں اردو ڈائجسٹ کے چیف ایڈیٹر الطاف حسن قریشی کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا گیا اور کہا گیا کہ ان کے انتقال سے صحافتی اور ادبی دنیا غم زدہ ہے۔
رپورٹ کے مطابق الطاف حسن قریشی کی نماز جنازہ 17 مئی (اتوار) کو بعد نماز ظہر جامعیہ اشرفیہ لاہور میں ادا کی جائے گی۔
مزید بتایا گیا کہ الطاف حسن قریشی نے اردو ڈائجسٹ کے ذریعے ملک بھر میں سنجیدہ صحافت، دانش ورانہ مباحث اور ادبی اقدار کے فروغ کے لیے تاریخی اور غیرمعمولی کردار ادا کیا۔
مرحوم صاحب طرز ادیب، نثر نگار اور کالم نویس تھے، اردو صحافت میں ان کاخلا مدتوں پورا نہیں ہو گا۔وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے بھی الطاف حسن قریشی کی وفات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ الطاف حسن قریشی کے انتقال سے صحافت، فکر و دانش اور قومی مکالمے کے میدان میں ایک گہرا خلا پیدا ہوگیا ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ وہ صحافت کی دنیا کا ایک روشن مینار تھے، انہوں نے اپنی تحریروں، فکری بصیرت اور نظریاتی مؤقف کے ذریعے صحافت کو نئی جہت عطا کی، انہوں نے ہمیشہ دیانتدارانہ، باوقار صحافت کو فروغ دیا اور نوجوان صحافیوں کیلئے ایک روشن مثال قائم کی۔
اس موقع پر ڈائریکٹر اردو ڈائجسٹ اور وائس پریزیڈنٹ ایف پی سی سی آئی ذکی اعجاز قریشی نے اپنے پیغام میں کہا کہ اس عظیم سانحے پر ہم نہایت رنجیدہ اور غمگین ہیں۔ یہ نقصان نہ صرف ہمارے خاندان بلکہ پوری قوم کے لیے ایک بڑا صدمہ ہے۔ ہم دعا گو ہیں کہ اللہ سبحانہ وتعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے، ان کے درجات بلند کرے اور انہیں اپنی بہترین رحمتوں اور نعمتوں سے نوازے۔ آمین۔
دوسری جانب صنتعکاروں سیاسی و سماجی شخصیات کی جانب سے الطاف حسین قریشی کی فیملی سے تعزیت کا سلسلہ جاری ہے۔سابق امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے بھی الطاف حسن قریشی کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم نے صحافت، فکر اور قومی شعور کی بیداری میں گراں قدر خدمات انجام دیں۔



