لاہور ( سلمان حسین ) ایشیا کپ رائزنگ سٹار کے فائنل میں پاکستان شاہینز نے دلچسپ مقابلے کے بعد بنگلہ دیش ’ اے‘ کو شکست دے کر تیسری مرتبہ ایشین ٹائٹل جیت لیا ہے۔
قطر کے دارالحکومت دوحہ کے ویسٹ اینڈ پارک انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل کا فیصلہ سپر اوور میں ہوا، پاکستان شاہینز کے 125رنز کے تعاقب میں بنگلہ دیش ’ اے‘ ٹیم بھی مقررہ 20اوورز میں 125رنز ہی بنا سکی۔
سپر اوور میں بنگلہ دیش نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 6رنز بنائے، جواب میں پاکستان ٹیم ہدف چوتھی ہی گیند پر حاصل کر کے چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔ قبل ازیں، پاکستان شاہینز نے اننگز کا آغاز ہی مایوس کن کیا اور پہلی گیند پر یاسر خان غیر ضروری رنز لیتے ہوئے رن آئوٹ ہو گئے۔ 2رنز پر محمد فائق کی وکٹ گرنے کے بعد پاکستان ٹیم سنبھل نہ سکی اور شاہینوں کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں اور بیٹرز پویلین واپس لوٹتے رہے۔
مقررہ 20اوورز میں پاکستان ٹیم نے 125رنز بنائے اور تمام 10وکٹیں بھی گنوا دیں۔ سعد مسعود 38اور عرفات منہاس 25اور معاذ صداقت 23رنز بنا کر نمایاں رہے۔ بنگلہ دیش کی جانب سے ریپون منڈول نے 3اور رقیب الحسن نے2کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا، 3بائولرز کے حصے میں ایک، ایک وکٹ آئی۔
ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیش کی ٹیم بھی اننگز کی آغاز کے ساتھ ہی پریشر میں نظر آئی، بنگال ٹائیگرز کے بیٹرز کی وقفے وقفے سے گرنے والی وکٹوں نے آسان ہدف کو بھی مشکل بنا دیا۔ 53کے مجموعے پر 7کھلاڑیوں کے آئوٹ ہونے کے بعد پاکستان کی جیت واضح دکھائی دینے لگی تھی تاہم رقیب الحسن کے 24، عبدالغفار کے 16اور ریپون منڈول کے 11رنز نے میچ کو سپر اوور تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔
پاکستان کی جانب سے سپنر صفیان مقیم نے شاندار بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 11رنز کے عوض 3کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا، احمد دانیال اور عرفات منہاس نے 2،2 شکار کیے جبکہ معاذ صداقت اور سعد مسعود نے ایک، ایک وکٹ اپنے نام کی۔



