لاہور (سلمان حسین) پاکستان نے ہانگ کانگ کو شکست دے کر آئی بی ایس ایف سنوکر ورلڈ کپ ٹیم چیمپئن شپ جیت لی۔ مسقط میں ہونے والے ایونٹ کے فائنل میں پاکستان نے ہانگ کانگ کو تین ۔ دو سے شکست دی۔
بیسٹ آف فائیو فریمز میں پاکستان کے اسجد اقبال اور محمد آصف پر مشتمل ٹیم نے نانسین وان اور چاو ہو مان پر مشتمل جوڑی کو شکست دی۔ پہلے سنگلز میں اسجد اقبال کو چاو ہو مان نے زیر کیا اور ہانگ کانگ کو برتری دلائی لیکن دوسرے سنگلز میں محمد آصف نے 82کا بریک کھیلتے ہوئے مقابلہ برابر کر دیا۔ ڈبلز میں ہانگ کانگ کی جوڑی کامیاب رہی اور تین ۔دو کی برتری حاصل کرلی۔
ریورس سنگل میں پہلے محمد آصف نے 100کا بریک کھیل کر چاو ہو مان کو اور پھر اسجد اقبال نے 104کا بریک کھیل کر نانسین وان کو مات دی اور پاکستان کو تین۔ دو کی کامیابی دلائی۔
یہ محمد آصف کے کیرئیر کا مجموعی طور پر ساتواں ورلڈ ٹائٹل ہے، جس میں تین ٹیم ٹائٹل، تین انفرادی ورلڈ ٹائٹلز اور ایک ورلڈ ماسٹرز کا ٹائٹل شامل ہے۔ دریں اثنا وزیر اعظم شہباز شریف نے سنوکر ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم کی شاندار فتح اور ٹائٹل اپنے نام کرنے پر پوری قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کھلاڑیوں کی پذیرائی کی ہے۔
وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم نے محمد آصف اور اسجد اقبال کی شاندار کارکردگی کی تعریف کی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستانی کھلاڑیوں نے کمال مہارت سے ورلڈ کپ ٹائٹل اپنے نام کیا، مجھ سمیت پوری قوم کو اپنے کھلاڑیوں پر فخر ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستانی کھلاڑی دنیا بھر میں اپنی صلاحیتوں سے ملک و قوم کا نام روشن کر رہے ہیں۔



