
کیا ہم نے کبھی یہ سوچا ہے کہ آج ہمیں جو آسائشیں حاصل ہیں اس کے پیچھے کتنی محنت کتنی ریاضت اور کتنی سوچیں کارفرما ہوں گی ان کو کتنے لوگوں نے پاگل پن کے طعنے دیے ہوں گے ان پر کئی قسم کی باتیں کی جاتی ہوں گی لیکن وہ اپنی دھن کے پکے لوگ تھے کبھی سوچا ہے کہ کتنی صدیوں کے سفر کے بعد آج ہم یہاں تک پہنچے ہیں آج ہم آنکھ جھپکتے ہی اپنا پیغام دنیا کے ایک کونے سے دوسرے کونے تک پہنچا دیتے ہیں ۔
ایک دوسرے سے ویڈیو کے ذریعے حال احوال دیکھ اور جان لیتے ہیں چند گھنٹوں میں دنیا کے دوسرے کونے تک پہنچ جاتے ہیں اس کے لیے انسانوں نے کیا کچھ نہیں کیا ہو گا میں عید کی چھٹیوں میں کامیاب لوگوں کی زندگی کا مطالعہ کر رہا تھا تو ان کی کامیابیوں کے پیچھے مجھے چند اصول کارفرما نظر آئے کامیاب لوگ جنھوں نے دنیا کا دھارا بدل کر رکھ دیا ان میں ایک بنیادی وصف یکساں ہوتا ہے کہ وہ بلا کے محنتی ہوتے وہ اصول پسند ہوتے ہیں ان کی سوچیں روائیتی نہیں ہوتیں وہ دوسروں سے ہٹ کر سوچتے ہیں وہ ڈسپلن کے بڑے پابند ہوتے ہیں ان کی زندگی اصولوں پر مبنی ہوتی ہے اور ایک سب سے بڑا پہلو یہ ہے کہ تمام بڑے لوگوں کی ابتدا یا تو غربت کے ماحول میں ہوئی ہوتی ہے اور وہ کچھ کر گزرنے کی جستجو میں دن دیکھتے ہیں اور نہ رات اور پھر وہ اپنا آپ منوا لیتے ہیں یا پھر ان کے گھروں کا ماحول ایسا ہوتا ہے کہ وہاں سے ان کو آگے بڑھنے کا حوصلہ ملتا ہے ۔
زیادہ تر کامیاب لوگ متوسط اور تعلیم یافتہ گھروں میں پیدا ہوئے عظیم سائنسدان نیوٹن کے والد ایک کسان تھے ان کے دنیا میں آنے کے چند ماہ پہلے ہی ان کا انتقال ہو گیا ان کی والدہ نے دوسری شادی کرلی اور ان کی پرورش ان کی نانی نے کی بچپن میں وہ کمزور اور خاموش طبیعت کے مالک تھے لیکن ان میں غیر معمولی ذہانت اور تجسس موجود تھا انھوں نے کشش ثقل کا نظریہ دریافت کیا قوانین حرکت واضح کیے روشنی پر تحقیق کی اور دوربین ایجاد کی ۔
فیشن کی دنیا کا ایک بڑا نام کوکو چینل فرانس میں پیدا ہوئیں ان کے والد نے ان کی والدہ کے انتقال پر انھیں یتیم خانے بجھوا دیا جہاں انھوں نے سلائی کڑھائی سیکھی اور پھر فیشن کی ابتدا وہیں سے شروع ہوئی انھوں نے خواتین کو بھاری بھرکم کپڑوں سے نجات دلوائی سخت محنت سے ایسی کامیابیاں حاصل کیں کہ دنیا کو حیران کردیا ۔
پینسلین ایجاد کرنے والےالیگزینڈر فلیمنگ دیہات میں پیدا ہوئے ان کے والدین کھیت مزدور تھے انھوں نے انتھک محنت سے تعلیم حاصل کی طب کی دنیا میں انقلاب برپا کیا ان کی تحقیق نے لاکھوں انسانی جانیں بچائیں ابوبکر محمد بن ذکریا الرازی نے کیمسٹری کو ایک مکمل سائنسی علم کی شکل دی مختلف تیزابوں کی شناخت کی انھوں نے چیچک اور خسرہ پر تحقیق کی ان کی کتاب الحاوی جامع طبی انسائیکلوپیڈیا ہے جس میں بیماریوں کی علامات اور علاج بتایا گیا ہے ایڈورڈ جینر نے چیچک جیسی مہلک بیماری کے خاتمہ کیلئے پہلی کامیاب ویکسین ایجاد کی ان کی کامیابی میں ان کے مذہبی اور تعلیمی ماحول کا اثر تھا۔
بیسویں صدی کے عظیم سائنسدان آئن سٹائن کے والد انجینئر تھے ان کے گھر کا ماحول علمی وثقافتی تھا جس نے ان کی سوچوں کو نئی جہت دی ایلن ٹیورنگ انھیں جدید کمپیوٹر اور مصنوعی ذہانت کا بانی کہا جاتا ہے ان کے والد سول سرونٹ تھے ان کا پڑھے لکھے خاندان سے تعلق تھا انھوں نے آج کے ڈیجیٹل دور کی بنیاد رکھی انھوں نے ایک سوچ دی کہ کسی بھی منطقی مسئلہ کو مشین کے ذریعے حل کیا جا سکتا ہے کسی بھی حسابی عمل کو مشین کے ذریعے پروگرام کیا جا سکتا ہے ۔
ایلون مسک جنھیں الیکٹرانک گاڑیوں کا بانی کہا جاتا ہے ان کا تعلق بھی ایک متوسط تعلیم یافتہ خاندان سے تھا والد انجینئر جبکہ والدہ غذائی ماہر تھیں وہ بچپن میں گھنٹوں کتابیں پڑھتے اور نئی چیزیں سیکھنے میں دلچسپی لیتے تھے انھوں نے ابتدائی تعلیم جنوبی افریقہ پھر کینڈا اور امریکہ سے تعلیم حاصل کی انھوں نے خلائی تحقیق میں انقلاب برپا کیا ان کا انسان کو دوسرے سیاروں تک لے جانے کا خواب ہے انھوں نے جدید ماحول دوست تیز اور پرکشش برقی گاڑیاں متعارف کروائیں ۔
جیفری ہینٹن کا تعلق بھی ایک علمی و دانشور خاندان سے تھا جہاں سائنس اور تحقیق کی روایت موجود تھی انھیں گاڈ فادر آف آرٹیفیشل انٹیلیجنس کہا جاتا ہے انھوں نے ڈیپ لرننگ کے میدان میں تحقیق کی جس سے کمپیوٹر تصاویر پہچاننے آواز سمجھنے اور زبان کو سمجھنے کے قابل ہو گئے انھوں نے گوگل کے ساتھ مل کر کام کیا جہاں ان کی تحقیق کو مختلف مصنوعات میں استعمال کیا گیا گوگل کی آرٹیفیشل ٹیکنالوجی جیسے voice recognition اور image processing ہینٹن کی تحقیق کا نتیجہ ہے آج چیٹ بوٹس اور سیلف ڈرائیونگ کارز اور دیگر آرٹیفیشل سسٹم ان ہی اصولوں پر کام کر رہے ہیں ۔
پاکستان سے تعلق رکھنے والے سکواش کے بےتاج بادشاہ جہانگیر خان بچپن میں دمہ asthma کے مریض تھے لیکن انھوں نے اپنی محنت لگن اور جستجو سے نہ صرف بیماری سے چھٹکارا حاصل کیا بلکہ اپنے سٹیمنا سے دنیا کو حیران کر دیا انھوں نے 555میچ جیت کر ناقابل شکست رہنے کا ریکارڈ قائم کیا جو آج تک برقرار ہے ان کے والد بھی سکواش کے کھلاڑی تھے ۔
جیک کوستو کا تعلق بھی ایک متوسط طبقہ سے تھا انھوں نے پانیوں کے نیچے آباد دنیا دریافت کی جیف بزوس آج جو ہم گھر بیٹھے دنیا بھر سے خرید وفروحت کر رہے ہیں یہ جیف بزوس کی بدولت ہے انھیں ای کامرس کا بانی کہا جاتا ہے ان کا تعلق بھی ایک متوسط گھرانے سے تھا انھوں نے نوکری چھوڑ کر ای لائن کاروبار شروع کرنے کا فیصلہ کیا اور ایمزون amazon کی بنیاد رکھی انھوں نے یہ کمپنی ایک گیراج سے شروع کی اور آن لائن کتابیں فروخت کرنا شروع کیں انھوں نے صارفین کو آسانی تیزی اور وسیع انتخاب فراہم کیا پھر ایمزون دنیا کی سب سے بڑی ای کامرس کمپنی بن گئی ای کامرس نے کاربار کی نوعیت بدل دی آج لاکھوں کروڑوں لوگوں کا ای کامرس سے روزگار وابستہ ہے آج جیف کا شمار دنیا کے امیر ترین افراد میں ہوتا ہے ۔
جان ڈی راکفیلر نے اپنے کیریئر کا آغاز ایک کلرک سے کیا لیکن انھوں نے اسے اپنا مقدر نہ ٹھرایا بلکہ وہاں سے کاروبار کے رموز واوقاف سیکھے پھر چھوٹی موٹی تجارت کی اور پھر تیل کی صنعت میں قدم رکھا انھوں نے سٹینڈرڈ آئل کمپنی بنائی انھوں نے کاروبار کے نئے طریقے متعارف کروائے ایک وقت میں ان کی کمپنی کو تیل کی صنعت کا اجارہ دار تصور کیا جانے لگا تھا۔
مارک زکر برگ ڈیجیٹل دنیا میں انقلاب برپا کرنے والے مارک زکر برگ کے والد ڈینٹسٹ تھے انھوں نے 12 سال کی عمر میں کمپیوٹر پر پیغام رسائی کا نظام ایجاد کیا اپنے گھر سے والد کے کلینک کے درمیان رابطہ ممکن بنایا انھوں نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر 2004 میں فیس بک قائم کیا جو آج پوری دنیا میں رابطہ کاری کا موثر ذریعہ ہے ۔
قارئین میرے خیال میں اس دنیا میں کوئی چیز ناممکن نہیں ہر چیز ممکن ہے لیکن اس کے لیے مطلوبہ جستجو لگن اور جدوجہد درکار ہے اگر آپ بھی کامیابیوں کو سمیٹنا چاہتے ہیں تو آپ قلم فائونڈیشن کے چیئرمین علامہ عبدالستار عاصم کی کتاب 999 ٹریلین ڈالر کی کتاب دولت سے آگے کا سفر کا مطالعہ کریں۔



