لاہور: (کورٹ رپورٹر) عدالت نے یوٹیوبر سعد الرحمن عرف ڈکی بھائی کے بینک اکائونٹس بحال کرنے کا حکم دیتے ہوئے انہیں یوٹیوب چینل پر ویڈیوز اپ لوڈ کرنے کی مخصوص اجازت بھی دے دی۔
ڈکی بھائی کے خلاف جواء ایپ کی تشہیر سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، عدالت نے واضح کیا کہ زیر التواء کیس سے متعلق کسی بھی قسم کی گفتگو یوٹیوب چینل پر نہیں کی جائے گی۔ کیس کے فیصلے تک اس معاملے پر عوامی بحث یا تبصرہ مناسب نہیں ہوگا۔
عدالت کو بتایا گیا کہ نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کو چینل پر موجود 27ویڈیوز پر اعتراض ہے۔ عدالت نے ہدایت دی کہ مذکورہ 27ویڈیوز کو فی الحال ڈیلیٹ نہیں کیا جائے گا۔
عدالت نے آئندہ سماعت پر این سی سی آئی اے کے گواہوں کو طلب کرنے کا بھی حکم دیا۔پراسیکیوٹر کی عدم موجودگی کے باعث سماعت مکمل نہ ہو سکی اور کیس کی کارروائی 11مارچ تک ملتوی کر دی گئی۔



