آٹا مزید مہنگا، 20کلو تھیلے کی قیمت 2900 تک جاپہنچی
کراچی میں قیمت سب سے زیادہ، لاہور میں 2250 روپے تک فروخت ہورہا: ادارہ شماریات

لاہور: (بیوروچیف)ملک میں آٹے کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہوگیا۔ادارہ شماریات کی دستاویز کے مطابق ملک میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی زیادہ سے زیادہ قیمت 2900 روپے تک پہنچ گئی اور کراچی کے شہری ملک میں سب سے زیادہ مہنگا آٹا خرید رہے ہیں۔
ادارہ شماریات نے بتایاکہ کراچی میں 20کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 2900 روپے تک ہے، اسلام آباد، کوئٹہ اور خضدار میں20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 2800روپے جبکہ پشاور میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 2750 روپے تک پہنچ گئی۔
ادارہ شماریات کے مطابق راولپنڈی میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 2747 روپے، حیدرآباد میں 2740 روپے تک اور بنوں میں20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 2700روپے تک ہے۔ادارہ شماریات کے مطابق سکھرمیں 20 کلو آٹے کے تھیلےکی قیمت2560، لاڑکانہ میں 2500 روپے تک، ملتان میں 2420 روپے، گوجرانوالہ اور بہاولپور میں 2400 روپے تک ہے جبکہ سیالکوٹ میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 2333روپے، فیصل آباد میں 2300 روپے تک ہوگئی۔
ادارہ شماریات نے بتایاکہ لاہور میں 20 کلو آٹےکے تھیلے کی قیمت2250 روپے تک اور سرگودھا میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 2240 روپے تک ہے۔



