بھارت ناکام،ترکیہ میں پاکستانی باسمتی چاول کو جغرافیائی شناخت مل گئی
معروف ترک ریٹیلر ایم ایس اے 101 سے باسمتی چاول کے ابتدائی آرڈرموصول

لاہور:(بیوروچیف) پاکستان نے باسمتی چاول کے حوالے سے اہم سفارتی اور تجارتی کامیابی حاصل کرتے ہوئےمئی 2026 میں ترکیہ سے باسمتی چاول کے لیے جغرافیائی شناخت (جی آئی)حاصل کرلی۔
رپورٹ کے مطابق یہ کامیابی ایسے وقت میں ملی جب بھارت نے اپریل 2023 میں ترک پیٹنٹ آفس میں درخواست جمع کرا کے باسمتی چاول پر خصوصی حق حاصل کرنے کی کوشش کی تھی حالانکہ یہ زرعی پیداوار پاکستان کے جغرافیائی خطے سے بھی گہرا تعلق رکھتی ہے۔
پاکستان نے اس معاملے پر بروقت قانونی اور سفارتی اقدامات کیے۔ ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان نے قانونی ماہرین کی خدمات حاصل کیں، برآمد کنندگان کو متحرک کیا اور ترکیہ کے لیے مختص 18 ہزار ٹن ٹیرف ریٹ کوٹہ (ٹی آر کیو)سے بھی موثر انداز میں فائدہ اٹھایا۔
ان اقدامات کے نتیجے میں ترکیہ کے معروف ریٹیلر ایم ایس اے 101 کی جانب سے پاکستانی باسمتی چاول کے ابتدائی آرڈرموصول ہوگئے جبکہ دارالحکومت انقرہ میں پاکستانی باسمتی کی تشہیری سرگرمیاں بھی منعقد کی گئیں۔



