امریکا کے حد سے زیادہ مطالبات نے معاہدے کی راہ روک دی، ایرانی میڈیا کا دعویٰ
معاہدہ نہ ہونے کے باوجود آبنائے ہرمز کی موجودہ صورتحال میں فوری طور پر کوئی تبدیلی نہیں آئے گی

اسلام آباد (ویب ڈیسک) ایران اور امریکا کے درمیان جاری اہم مذاکرات کسی معاہدے کے بغیر ختم ہوگئے ہیں، جس کے بعد خطے میں غیر یقینی صورتحال برقرار ہے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق دونوں فریقین کئی اہم معاملات پر اتفاق رائے حاصل کرنے میں ناکام رہے، جس کے باعث کوئی مشترکہ فریم ورک طے نہ ہو سکا۔
رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ مذاکرات کی ناکامی کی بڑی وجہ امریکا کے سخت اور حد سے زیادہ مطالبات تھے، جنہیں ایرانی فریق نے ناقابل قبول قرار دیا۔
ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ واشنگٹن نے ایسے مطالبات پیش کیے جو وہ ماضی کی جنگی صورتحال میں بھی حاصل نہیں کر سکا تھا، جس کے باعث ممکنہ معاہدے کی راہ میں بڑی رکاوٹ پیدا ہوئی۔
مذاکرات کے دوران آبنائے ہرمز، ایران کے جوہری حقوق اور خطے میں سیکیورٹی صورتحال جیسے اہم معاملات زیر بحث آئے، تاہم ان نکات پر شدید اختلافات برقرار رہے۔
ماہرین کے مطابق مذاکرات کی ناکامی کے باوجود خطے میں صورتحال تاحال نازک مگر مستحکم دکھائی دے رہی ہے، جبکہ مستقبل کی سفارتی کوششوں کا انحصار فریقین کے لچکدار رویے پر ہوگا۔



