ججزتعیناتی ،فرہادشاہ سمیت کن 20 وکلاء کے نام جوڈیشل کمیشن کو ارسال؟
چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے11 سینئر وکلاء کے نام تجویز کئے:ذرائع،پیپلز پارٹی کی جانب سے سینیٹر فاروق نائیک نے 8سینئر وکلاء کے نام دیئے

لاہور:(بیوروچیف)لاہور ہائیکورٹ میں ججز کی 20 خالی آسامیوں پر تقرری کے لیے مشاورت کا عمل تیز ہو گیا۔ ذرائع کے مطابق 10 نئے ججز کی تعیناتی کے لیے 20 سینئر وکلاء کے نام جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کو بھجوا دیئے گئے جبکہ حتمی فیصلہ کمیشن کے آئندہ اجلاس میں کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عالیہ نیلم نے 11 سینئر وکلاء کے نام تجویز کئے جن میں ایڈووکیٹ جنرل پنجاب امجد پرویز، ڈپٹی اٹارنی جنرل اسد علی باجوہ، پراسیکیوٹر جنرل پنجاب سید فرہاد علی شاہ،
وفاقی پراسیکیوٹر جنرل غلام سرور نہنگ، بیرسٹر عثمان غنی راشد چیمہ، ایڈیشنل اٹارنی جنرل منور دوگل، محمد کاشف رجوانہ، اجمل خان، امیر عجم، خالد بن عزیز اور شیریں عمران شامل ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے وکلاء رہنما احسن بھون نے سابق ایڈووکیٹ جنرل پنجاب محمد شان گل کا نام بھی جوڈیشل کمیشن کو بھجوادیا ۔ پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے سینیٹر اور جوڈیشل کمیشن کے رکن فاروق ایچ نائیک نے آٹھ سینئر وکلاء کے نام تجویز کیے ہیں، جن میں اسد عباسی، دانیال اعجاز چدھڑ، چوہدری سرفراز، وسیم شہابی، اظہر ڈیال،
نوازش پیرزادہ، ساجد تنولی اور ثاقب جیلانی شامل ہیں۔امیدواروں کے انٹرویوز کے لیے سات رکنی کمیٹی تشکیل دی جائے گی، جو تمام امیدواروں کا جائزہ لینے کے بعد اپنی سفارشات جوڈیشل کمیشن کو پیش کرے گی۔جوڈیشل کمیشن کا اجلاس رواں ماہ متوقع ہے۔



