
لاہور: (شہزاد فراموش) لاہور پریس کلب کے زیر اہتمام نامور شاعر عابد رشید کے چوتھے نعتیہ مجموعہ ”خیر البشر“ کی تقریب رونمائی، صدارت نذیر قیصر نے کی۔

اس موقع پر کلب کے سینئرنائب صدر سلمان قریشی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ربیع الاوّل کے بابرکت مہینے میں نامور ادبی شخصیات کے جھرمٹ میں ”خیر البشر“ کی رونمائی ہمارے لئے باعث سعادت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم کلب میں ادبی تقریبات،سیمینار، مشاعرے کرواتے رہتے ہیں اور آئندہ بھی یہ ہماری پہلی ترجیح رہے گی۔انہوں معزز مہمانوں کی تشریف آوری پر مسرت کا اظہار کیا اور ان کا شکریہ ادا کیا۔
جنرل سیکرٹری لاہورپریس کلب افضال طالب اور گورننگ باڈی کے رکن محمد کامران خان نے بھی تقریب میں شرکت کی،سٹیج سیکرٹری کے فرائض سعید اختر نے نبھائے جبکہ شہزاد فراموش نے معاونت کی۔

تقریب کا باقاعدہ آغاز محمد عقیل نے تلاوت کلام پاک سے کیا اور اس کے بعد حسنین مظہری نے عابد رشید کی لکھی ایک نعت لے میں پڑھی اور بھرپور داد سمیٹی۔
صاحب صدارت نذیر قیصر نے اپنے خطاب میں کہا کہ نعت ایک بہت پیارا اور بہت بڑا موضوع ہے اس میں نئے زاویوں پر کام کی ضرورت ہے۔
صاحب کتاب عابد رشید نے مہمانوں اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور اپنی نعتیں بھی سنائیں۔سٹیج پر بیٹھے حسین مجروح،پروفیسر غلام حسین ساجد، پروفیسر عباس مرزا، ڈاکٹر شاہد اشرف اور ڈاکٹر طارق شریف زادہ نے عابد رشید کی کتاب ان کی نعت گوئی پر خوبصورت گفتگو کی۔اس موقع پر غلام حسین ساجد نے اپنی تمام کتابیں کلب لائبریری کو دینے کا اعلان بھی کیا۔
انمول گوہر علی نے عابد رشید کو پھول پیش کئے۔بعد ازاں کتاب کی تقریب میں مقررین کے علاوہ شرکاء مجلس بھی شریک ہوئے۔
تقریب میں بابا نجمی،عابدہ قیصر،اسد رانا،ایم ایوب،جاوید ہاشمی، فراز فاروقی،رفیق خان، جواد احمد، طارق کامران،شبیر صادق، جمال احمد، سبطین رضا،رانا تحمل، عمیر احمد، علی شیخ، شاکر حسین شاہ اور مختلف مکتبہ ہائے فکر کے افراد نے شرکت کی۔



