پاکستانتازہ ترین

موسمیاتی بہتری کے لیے بھرپور معاونت کریں گے، ماحول دوست منصوبوں کے لیے دروازے کھلے ہیں: مریم نواز

شیخوپورہ میں نیسلے کے بائیو ماس سٹیم پلانٹ کا افتتاح، داتا دربار عرس پر مبارکباد اور سوات دہشت گردی کی مذمت

لاہور (سلمان حسین): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت ماحولیاتی بہتری اور سموگ کے خاتمے کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی، جبکہ ماحول دوست منصوبوں پر کام کرنے والے تمام اداروں کو بھرپور تعاون فراہم کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ نے پیر کے روز شیخوپورہ میں نیسلے پاکستان کے جدید بائیو ماس سٹیم پلانٹ کا ڈیجیٹل افتتاح کیا۔ اس منصوبے پر تقریباً 45 لاکھ امریکی ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی ہے، جس کا مقصد زرعی باقیات کو ماحول دوست انداز میں بطور ایندھن استعمال کرتے ہوئے فضائی آلودگی اور سموگ میں کمی لانا ہے۔

بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ بائیو ماس سٹیم پلانٹ سالانہ تقریباً 72 ہزار ٹن زرعی باقیات کو ایندھن کے طور پر استعمال کرے گا اور فی گھنٹہ 30 ٹن سٹیم پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اس منصوبے سے ایندھن کی مد میں سالانہ تقریباً 21 لاکھ 50 ہزار امریکی ڈالر کی بچت متوقع ہے، جبکہ ہر سال تقریباً 24 ہزار 345 ٹن کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اخراج میں بھی کمی آئے گی۔

وزیراعلیٰ مریم نواز کو نیسلے پاکستان کی مختلف سماجی اور ماحولیاتی سرگرمیوں پر بھی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر انہوں نے نیسلے کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ بائیو ماس سٹیم پلانٹ پاکستان میں سرکلر اکانومی اور قابل تجدید توانائی کی ایک نمایاں مثال ہے، جو حکومت پنجاب کے ماحولیاتی تحفظ، صاف فضا اور پائیدار صنعتی ترقی کے وژن سے مکمل ہم آہنگ ہے۔

انہوں نے کہا کہ فصلوں کی باقیات کو جلانے کے بجائے انہیں توانائی کے حصول کے لیے استعمال کرنا ماحول کے تحفظ کی جانب ایک مؤثر قدم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب موسمیاتی بہتری کے لیے سرگرم تمام قومی و بین الاقوامی اداروں کے ساتھ بھرپور تعاون جاری رکھے گی۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب نے حضرت داتا گنج بخش علی ہجویریؒ کے 983ویں سالانہ عرس مبارک کے آغاز پر زائرین اور عقیدت مندوں کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ عرس کے دوران زائرین کے لیے بہترین انتظامات، لنگر اور سبیل کی سہولت، صفائی، سکیورٹی اور ٹریفک کی روانی کو یقینی بنایا جائے تاکہ آنے والے عقیدت مندوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

مریم نواز نے کہا کہ بزرگانِ دین کی تعلیمات محبت، اخوت، رواداری اور انسانیت کی خدمت کا درس دیتی ہیں، اللہ تعالیٰ ہمیں ان تعلیمات پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔

ادھر وزیراعلیٰ نے ضلع سوات کے علاقے کبل میں دہشت گردی کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے جاں بحق شہریوں کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہے اور دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button