ماسکو کے ریستوران کے قریب خودکش دھماکہ، 3 افراد ہلاک، 21 زخمی
خاتون حملہ آور ریستوران میں داخل ہونے کی کوشش کے دوران خود کو دھماکے سے اڑا لیا، تحقیقات جاری
ماسکو (مانیٹرنگ ڈیسک): روس کے دارالحکومت ماسکو میں ایک معروف ریستوران کے قریب ہونے والے خودکش دھماکے میں 3 افراد ہلاک جبکہ 21 افراد زخمی ہو گئے۔ روسی حکام کے مطابق واقعہ مقامی وقت کے مطابق رات تقریباً 8 بجے پیش آیا، جس کے بعد علاقے میں سکیورٹی سخت کر دی گئی۔
روسی انسداد دہشت گردی کمیٹی کے مطابق ایک خاتون مبینہ طور پر دیسی ساختہ دھماکا خیز مواد کے ساتھ ریستوران میں داخل ہونے کی کوشش کر رہی تھی۔ سکیورٹی اہلکار نے اسے روکنے کی کوشش کی تو اسی دوران زور دار دھماکہ ہو گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے میں حملہ آور خاتون اور سکیورٹی گارڈ سمیت تین افراد ہلاک جبکہ 21 افراد زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر قریبی ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا۔
واقعے کے بعد پولیس، بم ڈسپوزل اسکواڈ اور تحقیقاتی اداروں نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے ہیں، جبکہ دھماکے کی نوعیت اور اس کے پس پردہ محرکات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
روسی حکام نے تاحال حملہ آور خاتون کی شناخت یا اس کے ممکنہ تعلقات سے متعلق کوئی تفصیلات جاری نہیں کیں۔ انسداد دہشت گردی حکام کے مطابق واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں اور ابتدائی شواہد کی روشنی میں مزید معلومات سامنے آنے کے بعد عوام کو آگاہ کیا جائے گا۔
سکیورٹی اداروں نے ماسکو کے حساس مقامات پر حفاظتی اقدامات مزید سخت کر دیے ہیں تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے بروقت نمٹا جا سکے۔



