میوہسپتال:رشوت کا کمال؟سزایافتہ روبینہ کوثر کو چیف نرسنگ سپرنٹنڈنٹ کا اضافی چارج دینے کی ہیٹرک
اہل افسران نظر انداز، بی ایس 19 افسر کو غیرقانونی طور پر بی ایس 20 کا چارج دیا گیا،متعلقہ حلقوں کا وزیراعلیٰ سے نوٹس لینے کا مطالبہ،پیسے تو کبھی اپنے باپ کو بھی نہیں دیئے،روبینہ کوثرکا موقف

لاہور(بیوروچیف/سید ظہیر نقوی) محکمہ اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن پنجاب میں قواعد و ضوابط کی کھلی خلاف ورزی سامنے آگئی، بی ایس 19 کی افسرروبینہ کوثر کو مبینہ طور پر غیرقانونی طور پرتیسری مرتبہ بی ایس 20 کے عہدے کا چارج دے دیا گیا۔

دستاویزات کے مطابق روبینہ کوثر جو بطور ڈائریکٹر نرسنگ افیئرز (بی ایس 19) فرائض انجام دے رہی ہیں انہیں میو ہسپتال لاہور میں چیف نرسنگ سپرنٹنڈنٹ (بی ایس 20) کا اضافی چارج 89 دن کیلئے سونپا گیا،بعدازاں 89دن سے زائد کا عرصہ گزرجانے کے باوجود ان کو خلاف قانون دوبارہ 89دن کیلئے اضافی چارج دے دیا گیا ۔

موصوفہ رفاہ نرسنگ کالج میں بھی بغیر کسی اجازت نامہ کے خدمات سرانجام دیتی رہی ہیں جس پر ان کوپیڈا ایکٹ کے تحت سزابھی ہوچکی ہے سزایافتہ ہونے کے باوجود اورایک افسر کی مٹھی گرم کرنے پر ان پر نوازشات کی بارش جاری ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ تعیناتی واضح طور پر سروس رولز، سینیارٹی اور میرٹ کے اصولوں کے منافی ہے۔ قواعد کے مطابق اس عہدے پر تعیناتی کیلئے باقاعدہ طریقہ کار اور اہلیت کو مدنظر رکھنا لازم ہوتا ہے، تاہم اس کیس میں مبینہ طور پر ان تمام تقاضوں کو نظر انداز کیا گیا۔
اندرونی ریکارڈ میں اس امر کی بھی نشاندہی کی گئی ہے کہ ایسے فیصلے محکمہ میں بے چینی اور بداعتمادی کو جنم دے رہے ہیں، جبکہ اہل اور سینئر افسران کو نظر انداز کیے جانے کے الزامات بھی سامنے آئے ہیں۔
قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ اس نوعیت کی تعیناتیاں نہ صرف انتظامی ڈھانچے کو کمزور کرتی ہیں بلکہ قانون کی صریح خلاف ورزی بھی تصور ہوتی ہیں۔
متعلقہ حلقوں نے وزیراعلیٰ پنجاب اور سیکرٹری ہیلتھ سے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کی فوری اور شفاف تحقیقات کرائی جائیں اور ذمہ داران کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے، جبکہ غیرقانونی تعیناتی کو فوری طور پر ختم کیا جائے۔
دریں اثنا موقف کیلئے رابطہ کرنے پر بی ایس 19 افسرروبینہ کوثرنے کہا کہ بی ایس 18کیا 20کی بھی کوئی افسر میوہسپتال میں موجود نہیں ہے اورمیری تعیناتی سے متعلق سیکرٹریٹ سے جواب حاصل کریں ،مٹھی گرم کرکے تعیناتی سے متعلق الزامات پر انہوں نے کہا کہ پیسے تو میں نے کبھی اپنے باپ کو بھی نہیں دیئے۔



