
لاہور:(بیوروچیف/سید ظہیر نقوی)ن لیگ کے اہم رہنما اورسابق رکن قومی اسمبلی عمر سہیل ضیابٹ کو اچانک دل کی تکلیف کے باعث جناح ہسپتال لاہور منتقل کیا گیا جہاں ان کو بروقت طبی امدادفراہم کی گئی۔

جناح ہسپتال لاہورمیں دل کی تکلیف کےباعث منتقل کیے گئے ،ایم ایس جناح ہسپتال پروفیسر ڈاکٹر حفیظ معین الدین اور ان کی ٹیم کی جانب سے عمر سہیل ضیاء بٹ کو بروقت اور معیاری طبی سہولیات فراہم کی گئیں، ماہر ڈاکٹروں کی فوری توجہ اور جدید تشخیصی عمل کے بعد ان کی حالت خطرے سے باہر قرار دے دی گئی۔
ترجمان جناح ہسپتال لاہور کے مطابق عمر سہیل ضیاء بٹ کو دل میں تکلیف محسوس ہونے پر ہسپتال کے ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ لایا گیا، جہاں انہیں فوری طور پر طبی امداد فراہم کی گئی۔ ڈاکٹروں نے مریض کا تفصیلی معائنہ کیا جبکہ تمام ضروری تشخیصی ٹیسٹ اور ایکوکارڈیوگرافی (Echocardiography) بھی بروقت مکمل کی گئی۔
شعبہ امراضِ قلب (کارڈیالوجی) کے ماہرین نے مریض کا بغور جائزہ لینے کے بعد مکمل طبی علاج فراہم کیا، جس کے نتیجے میں ان کی طبیعت بہتر ہوگئی اور تسلی بخش حالت میں انہیں گھر جانے کی اجازت دے دی گئی۔
عمر سہیل ضیاء بٹ نے علاج معالجے کے بعد جناح ہسپتال لاہور کے ڈاکٹروں، نرسنگ اسٹاف اور دیگر طبی عملے کی پیشہ ورانہ مہارت، فوری خدمات اور مریض دوست رویے کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔
ترجمان میڈیکل سپرنٹنڈنٹ جناح ہسپتال لاہور کا کہنا ہے کہ ہسپتال میں ایمرجنسی اور امراضِ قلب کے شعبے میں مریضوں کو جدید طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے چوبیس گھنٹے ماہر ٹیمیں موجود ہیں، تاکہ ہر مریض کو بروقت اور معیاری علاج فراہم کیا جا سکے۔



