انٹر نیشنلپاکستانتازہ ترینکاروبار

پاک، GCCآزاد تجارتی معاہدہ، جلد دستخط: وزیراعظم کی بحرینی سرمایہ کاروں کو پاکستان آنے کی دعوت

بردار ملک بحرین کے ساتھ اقتصادی تعاون کو فروغ دینے کیلئے تیار، دونوں ملک زراعت، آئی ٹی، دیگر شعبوں میں ایک ساتھ کام کر سکتے ہیں، سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائیگی، شہباز شریف کا منامہ میں کاروباری برداری سے خطاب

منامہ، اسلام آباد (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان بردار ملک بحرین کے ساتھ اقتصادی تعاون کو فروغ دینے کیلئے تیار ہے، خلیج تعاون کونسل ( جی سی سی) کے ساتھ آزاد تجارتی معاہدے پر جلد دستخط ہوں گے۔
پاکستان معاشی اصلاحات اور نجی شعبے کی قیادت میں ترقی کے نئے دور میں داخل ہو رہا ہے۔ منامہ میں کاروباری برداری سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بحرین میں بردارانہ تعلقات ہیں، آج باہمی تعلقات کو وسعت دینے کے لئے یہاں موجود ہوں، بحرین آنے کا مقصد اپنے تعلقات کو مزید مضبوط کرنا ہے، ہمارے تعلقات ثقافتی، مذہبی اور باہمی احترام اور اعتماد کی بنیاد پر قائم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے مذاکرات خوشگوار ماحول میں ہوئے، بحرین میں موجود پاکستانی تمام شعبوں میں عظیم خدمات دے رہے ہیں، دورے کا مقصد اقتصادی شعبوں میں مزید پیشرفت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کہ پاکستان بردار ملک بحرین کے ساتھ اقتصادی تعاون کو فروغ دینے کیلئے تیار ہے، زراعت، آئی ٹی اور دیگر شعبوں میں دونوں ملک ایک ساتھ کام کر سکتے ہیں، بحرین کے کاروباری اداروں کے ساتھ ملکر نئی راہیں کھول سکتے ہیں، اب وقت ہے ہم مضبوط تعلقات کو معاشی تعاون میں تبدیل کریں۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کے پاس نوجوانوں کی بڑی طاقت ہے، ہماری 60فیصد آبادی 15سے 30سال کے درمیان ہے، نوجوانوں کو آئی ٹی اور اے آئی کی تربیت سے آراستہ کرنا چاہتے ہیں۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بحرین کے پاس عالمی مہارت اور معاشی تجربہ ہے، پاکستان بحرین کے ترقی کے سفر سی سیکھنا چاہتا ہے اور تعاون کا خواہاں ہے، بحرین کے سرمایہ کاروں کو پاکستان آنے کی دعوت دیتا ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان جی سی سی فری ٹریڈ ایگریمنٹ جلد حتمی مراحل میں داخل ہو جائے گا اور سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی۔ خطاب کے اختتام پر وزیراعظم نے معروف قول کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر تیزی سے جانا ہے تو اکیلے جائیں، دور جانا ہے تو ملکر چلیں، یہ پاکستان اور بحرین کے مستقبل کے باہمی تعاون اور مشترکہ ترقی کا بہترین فلسفہ ہے۔ اس موقع پر وزیراعظم نے پرتپاک استقبال پر بحرین کے عوام اور قیادت سے اظہار تشکر کیا۔
بحرین کے وزیر خزانہ شیخ سلمان بن خلیفہ نے کہا کہ پاکستان اور بحرین کے رشتے تاریخ سے جڑے ہیں، وزیراعظم پاکستان کی موجودگی ہمارے رشتوں کی تجدید ہے۔ مزید برآں وزیر اعظم نے ہانگ کانگ کی بلند عمارت میں تباہ کن آتشزدگی سے قیمتی جانی و مالی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور چین کے صدر شی جن پنگ، چینی قوم اور متاثرین سے تعزیت کی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ تباہ کن آتشزدگی کے اس واقعہ میں قیمتی جانی و مالی نقصان پر گہرا دکھ اور افسوس ہوا ہے، چین کے صدر شی جن پنگ، چینی قوم اور متاثرین سے تعزیت کرتے ہیں، ہماری دعائیں اور ہمدردیاں سوگوار خاندانوں کے ساتھ ہیں، زخمیوں کی جلد صحت یابی اور متاثرین کی ہمت اور بحالی کے لیے بھی دعا گو ہیں۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button