’’پاکستان امن کا داعی بن کر ابھرا ‘‘: نواز شریف کا وزیر اعظم،فیلڈ مارشل کو خراج تحسین

لاہور:(بیوروچیف) قائد مسلم لیگ (ن) میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ آج دنیا میں پاکستان نے منفرد مقام حاصل کرلیا اور امن کا داعی بن کر ابھرا ہے۔دعا ہے کہ یہ جنگ بندی مستقل عالمی امن کی بنیاد بنے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ایران اور امریکہ کے درمیان جنگ بندی عالمی امن کے لیے خوش آئند پیشرفت ہے۔
پاکستان نے ذمہ دار ریاست کا کردار ادا کرتے ہوئے امن کے قیام میں اہم حصہ ڈالا۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی بے مثال سفارتی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، شہبازشریف کی قیادت میں سفارتی محاذ پر قابلِ تحسین کامیابی حاصل ہوئی۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے خطے میں امن کے لئے فعال اور مثبت کردار ادا کیا، ایران اور امریکہ کا مذاکرات کے ذریعے حل کی جانب آنا خوش آئند ہے، عالمی تنازعات کا حل جنگ نہیں بلکہ سفارتکاری اور مذاکرات میں ہے۔ میاں نواز شریف نے کہا کہ پاکستان نے ایک بار پھر دنیا کو امن کا پیغام دیا، موجودہ حکومت نے پاکستان کا عالمی امیج بہتر کیا، پاکستان کی کوششیں خطے میں استحکام لانے میں اہم سنگ میل ثابت ہوں گی، عالمی برادری کو چاہیے کہ امن کے اس موقع سے فائدہ اٹھائے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ امن، ترقی اور استحکام کا داعی رہا ہے، دعا ہے کہ یہ جنگ بندی مستقل عالمی امن کی بنیاد بنے، پاکستان نے ثابت کیا کہ وہ مشکل حالات میں بھی مثبت کردار ادا کر سکتا ہے۔



