انٹر نیشنلپاکستانتازہ ترین

پاکستان مشکل وقت میں ایران کا حقیقی دوست ثابت ہوا، قالیباف کی یوسف رضا گیلانی سے ملاقات

تہران(ویب ڈیسک ) ایرانی پارلیمنٹ کے سپیکر محمد باقر قالیباف نے کہا ہے کہ پاکستان نے ہر مشکل گھڑی میں ایران کا ساتھ دے کر حقیقی دوست ہونے کا ثبوت دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی قوم پاکستان کے عوام اور قیادت کی اس حمایت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

تہران میں چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی سے ملاقات کے دوران محمد باقر قالیباف نے دونوں ممالک کے تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے خوشی اور آزمائش دونوں مواقع پر ایران کے ساتھ مخلصانہ تعاون کیا، جسے ایرانی عوام ہمیشہ یاد رکھیں گے۔

اس موقع پر چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ایران کی ترقی اور استحکام پورے خطے میں امن، خوشحالی اور اقتصادی تعاون کے فروغ کے لیے اہم ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ پاکستان اور ایران کو باہمی تعلقات مزید مضبوط بنانے اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر توجہ دینی چاہیے۔

دریں اثنا، چینی پیپلز کانگریس کے نائب صدر سے ملاقات میں محمد باقر قالیباف نے کہا کہ ایران اور چین کے درمیان سیاسی، اقتصادی اور تزویراتی تعاون مسلسل فروغ پا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ چین مشکل اوقات میں ایران کے ساتھ کھڑا رہا اور دونوں ممالک کے مضبوط تعلقات عالمی کشیدگی میں کمی لانے میں مثبت کردار ادا کر سکتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ آبنائے ہرمز میں چینی جہازوں کی آمدورفت سے متعلق مسائل حل کر لیے گئے ہیں، تاہم امریکہ کو اس اہم بحری گزرگاہ میں مداخلت کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

ایک انٹرویو میں محمد باقر قالیباف نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ایران میں غذائی صورتحال سے متعلق بیان پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ جس ملک کے لاکھوں شہری فوڈ اسٹیمپس پر انحصار کرتے ہوں، اسے دوسرے ممالک پر تنقید سے پہلے اپنے داخلی مسائل پر توجہ دینی چاہیے۔

انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ ایران اپنے وسائل اور فیصلوں کا خود مختار ملک ہے، اس لیے دوسرے ممالک کی جانب سے غیر ضروری مشوروں کی ضرورت نہیں۔


Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button