اسلام آباد (ویب ڈیسک) صدر مملکت آصف علی زرداری سے سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے الوداعی ملاقات کی، جس کے دوران پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ برادرانہ اور تزویراتی تعلقات سمیت باہمی تعاون کے مختلف امور پر گفتگو ہوئی۔
صدر آصف علی زرداری نے دونوں ممالک کے تعلقات کے استحکام اور فروغ کے لیے سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی کی خدمات اور تعاون کو سراہا۔
صدر مملکت نے کہا کہ سعودی سفیر نے پاکستان اور سعودی عرب کے دوطرفہ تعلقات کے فروغ، بالخصوص سیاسی، اقتصادی اور تجارتی شعبوں میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنی دیرینہ دوستی اور تزویراتی شراکت داری کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
انہوں نے پاکستان کے لیے سعودی عرب کی مستقل حمایت کو سراہتے ہوئے کہا کہ نواف بن سعید المالکی کے دور سفارت کے دوران پاک سعودی دوستی کو مزید مضبوط بنیاد ملی، جو آنے والے برسوں میں بھی دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون کے فروغ میں معاون ثابت ہوگی۔
اس موقع پر سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے اپنے قیام کے دوران ملنے والی محبت، گرمجوشی اور تعاون پر صدر مملکت، حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام کا شکریہ ادا کیا۔
سعودی سفیر نے کہا کہ وہ پاکستان اور اس کے عوام کو ہمیشہ قدر و احترام کی نگاہ سے دیکھتے رہیں گے۔



