پاکستانتازہ ترین

نواز شریف نے عمران خان کا شفا ہسپتال میں علاج نہیں ہونے دیا: سہیل آفریدی

پشاور (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ نواز شریف نے عمران خان کا شفا ہسپتال میں علاج نہیں ہونے دیا، 27 ستمبر کو لاکھوں افراد اسلام آباد کی جانب مارچ کریں گے اور اس بار خالی ہاتھ واپس نہیں آئیں گے۔

بونیر کے سواڑی چوک میں سٹریٹ موومنٹ سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے الزام عائد کیا کہ سپریم کورٹ کے 3 ججوں نے حکم دیا تھا کہ عمران خان کا علاج ان کی بہن کی موجودگی میں کیا جائے، تاہم ان کے بقول موجودہ حکومت نے شفا ہسپتال میں علاج کی اجازت نہیں دی۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ پنجاب کی وزیراعلیٰ نواز شریف کی بیٹی اور وزیراعظم ان کے بھائی ہیں، جس شخص نے کبھی ’’مجھے کیوں نکالا‘‘ کہا تھا، اسی نے عمران خان کا علاج نہیں ہونے دیا۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ وہ سب سے زیادہ تنقید اسٹیبلشمنٹ پر کرتے رہے ہیں اور اب بھی کر رہے ہیں۔ ان کے بقول پنجاب اور وفاق میں جعلی حکومت مسلط کی گئی ہے اور اس حکومت نے سپریم کورٹ کے حکم کو ردی کی ٹوکری میں پھینک دیا۔

انہوں نے کہا کہ 27 ستمبر کو 40 لاکھ لوگ اپنا مقدمہ لڑنے کے لیے نکلیں گے، اس بار خالی ہاتھ واپس نہیں آئیں گے۔ 27 ستمبر کو انقلاب ہوگا، گولی اور بندوق سے نہیں ڈریں گے، حقیقی آزادی لینی ہے یا شہادت قبول کرنی ہے، تیسرا کوئی راستہ نہیں۔

سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ موجودہ حکمرانوں کو آئین و قانون کا کوئی ڈر نہیں، وہ خود کو آئین سے بالاتر سمجھتے ہیں۔ ہمیں ان ججز کا ساتھ دینا ہے جو انصاف کرتے ہیں اور عوامی امنگوں پر پورا اترتے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ عمران خان عوامی طاقت سے باہر آئیں گے، وہ نوجوانوں کے لیڈر ہیں۔ جس طرح عمران خان قربانیاں دے رہے ہیں، اسی طرح ہم بھی قربانی دینے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے اور کوئی ہمیں اپنے مقصد سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹا سکتا۔

انہوں نے کارکنوں سے کہا کہ کچھ لوگ انہیں اصل مقصد سے ہٹانے کی کوشش کریں گے، تاہم انہیں کسی صورت ڈائیورٹ نہیں ہونا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں اس شخص کا ساتھ دینا ہے جس نے بیرونی غلامی کے خلاف ’’ایبسلوٹلی ناٹ‘‘ کہا۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ عمران خان واحد لیڈر ہیں جو ملک کو بچا سکتے، معیشت بہتر کر سکتے اور پاکستان کو حقیقی خودمختاری دے سکتے ہیں۔ عمران خان قومی یکجہتی کی ضمانت ہیں اور اداروں کی عزت بحال کرا سکتے ہیں۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ ایک ہی ملک میں طاقتور کے لیے الگ اور کمزور کے لیے الگ قانون نہیں چل سکتا۔ ان کے بقول موجودہ حکمرانوں نے عوام کا مینڈیٹ چوری کیا اور عوام کے خون پسینے کی کمائی کھائی جا رہی ہے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے دعویٰ کیا کہ موجودہ حکمرانوں نے 5 ہزار 300 ارب روپے کی کرپشن کی ہے اور ملک کی بنیادیں کھوکھلی کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم ہر اس فیصلے کے خلاف ہیں جو عوام کے حق میں نہ ہو۔

سہیل آفریدی نے نوجوانوں کو ملک کا مستقبل قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ جہاں بھی جاتے ہیں وہاں 90 فیصد سے زیادہ نوجوان موجود ہوتے ہیں۔ ہمارے نوجوان کاکروچ نہیں بلکہ علامہ اقبالؒ کے شاہین ہیں، یہی نوجوان مستقبل میں ملک کی باگ ڈور سنبھالیں گے اور فیصلے کریں گے۔

بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے واضح کیا کہ لانگ مارچ 27 ستمبر کو ہی ہوگا اور تاریخ میں کوئی ردوبدل نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ کی قیادت وہ خود کریں گے اور لاکھوں افراد کو اسلام آباد لے کر جائیں گے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button