لاہور (سلمان حسین) ساؤتھ ایشیا اولمپک کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی نے اگلے سال پاکستان میں 3 سے 11 اپریل تک ہونے والے ساؤتھ ایشین گیمز کے شیڈول کی منظوری دے دی۔
ساؤتھ ایشین گیمز میں 28 مردوں اور 25 خواتین کے کھیلوں کے مقابلے ہوں گے، جبکہ رکن ممالک کے 4 ہزار 200 سے زائد ایتھلیٹس اور آفیشلز پاکستان آئیں گے۔
ساؤتھ ایشین گیمز کے دوران 346 گولڈ میڈلز کے لیے مقابلے ہوں گے، جن کا انعقاد اسلام آباد، لاہور اور پشاور میں کیا جائے گا۔
صدر پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن عارف سعید نے کہا ہے کہ پاکستان ساؤتھ ایشین گیمز کی میزبانی کے لیے مکمل طور پر تیار ہے، حکومت کھیلوں کے کامیاب انعقاد کے لیے بھرپور معاونت کر رہی ہے اور ساؤتھ ایشین گیمز کو شاندار انداز میں منعقد کیا جائے گا۔
ساؤتھ ایشین گیمز کے شیڈول کی منظوری ساؤتھ ایشیا اولمپک کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں دی گئی۔ اسلام آباد میں ہونے والے اجلاس میں سری لنکا، بنگلادیش، نیپال، بھوٹان اور مالدیپ کے وفود نے شرکت کی۔
اجلاس میں پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکرٹری خالد محمود اور وزارت بین الصوبائی رابطہ کے حکام بھی شریک ہوئے، جبکہ بھارتی وفد نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔



