لاہور (سلمان حسین) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب حقیقی طور پر ترقی اور ٹیکنالوجی کے دور میں داخل ہو چکا ہے، صوبے میں عوام کو جدید اور بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے مختلف شعبوں میں تیزی سے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف سے لودھراں سے تعلق رکھنے والے ارکان صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی، جس میں سیاسی امور، ترقیاتی منصوبوں اور دیگر معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر ارکان اسمبلی نے اپنے حلقوں میں درپیش عوامی مسائل سے وزیراعلیٰ کو آگاہ کیا۔
ملاقات کرنے والوں میں ارکان صوبائی اسمبلی محمد زبیر خان اور شازیہ حیات شامل تھے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے ارکان اسمبلی کو ہدایت کی کہ وہ اپنے حلقوں کے عوامی مسائل کے حل کے لیے مسلسل کوشاں رہیں اور عوام کو درپیش مشکلات کے ازالے کے لیے مؤثر اقدامات یقینی بنائیں۔
ارکان صوبائی اسمبلی نے ملتان، وہاڑی روڈ کی تکمیل پر وزیراعلیٰ مریم نواز کو خراج تحسین پیش کیا جبکہ لودھراں میں الیکٹرو بس سروس کے آغاز پر عوام کی جانب سے بھی شکریہ ادا کیا۔
ارکان اسمبلی نے بتایا کہ شاہدہ اسلام ہسپتال، دنیاپور، کچہری چوک، میلاد چوک اور کہروڑ پکا روٹس پر الیکٹرو بس سروس کامیابی اور مقبولیت کے ریکارڈ قائم کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز کے صحت کے شعبے میں کیے گئے اقدامات بھی عوام میں پذیرائی حاصل کر رہے ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ پنجاب کے ہسپتالوں اور تعلیمی اداروں سے دوسرے صوبوں کے عوام بھی مستفید ہو رہے ہیں۔ لاہور میں جناح انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی اور مختلف اضلاع میں کیتھ لیبز مکمل طور پر فعال ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ پنجاب ای بز اور مریم کی دستک پورٹل کی بدولت صوبہ عوامی خدمات کی فراہمی میں ٹیکنالوجی کے استعمال کے حوالے سے نمایاں مقام حاصل کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب حقیقی طور پر ترقی اور ٹیکنالوجی کے دور میں داخل ہو چکا ہے اور حکومت عوام کو جدید، تیز اور آسان سہولیات کی فراہمی کے لیے اقدامات جاری رکھے گی۔



