پاکستانتازہ ترینجرم-وسزاعلاقائی خبریں

عید پر ٹریفک حادثات،خوشیاں ماتم میں تبدیل، 29افراد جاں بحق، 39زخمی

لاہور میں 4نوجوان جاں بحق،ٹنڈو الہ یار میں گاڑی نہر میں گرنے سے 4دوست لقمہ اجل ،سیہون میں 2زائرین چل بسے

لاہور،کراچی(بیوروچیف،نمائندگان)عید الفطر کی تعطیلات کے دوران ملک کے مختلف شہروں اور علاقوں میں ٹریفک حادثات کے باعث درجنوں شہری لقمہ اجل بن گئے جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔

عید کے پہلے روز ٹنڈو الہ یار میں تیزرفتار گاڑی نصیرکنال میں جا گری جس میں کراچی کے رہائشی چار دوست عبدالاحد ،علی شان، سمیر اورعدیل سوار تھے، لوگوں نے چاروں کو تشویش ناک حالت میں نکالا اور ہسپتال منتقل کر دیا جہاں ان کی موت کی تصدیق کر دی گئی، نوجوانوں کی لاشیں گھر پہنچائی گئیں تو گھر والوں پر قیامت ٹوٹ پڑی۔ نوجوانوں کی نماز جنازہ ادا کی گئی اور سپردخاک کر دیا گیا۔

عبدالاحد کے والد نے بتایا کہ چاروں بچوں کو فوری طبی امداد نہیں مل سکی جس کے باعث وہ جاں بحق ہو گئے۔ضلع خیرپور کے شہر گمبٹ کے قریب کار اور مسافر کوچ کے درمیان تصادم کے نتیجے میں نیاز محمد نامی شہری اور اس کی دو بیٹیاں جاں بحق ہو گئے جبکہ 4افراد زخمی ہوئے۔

پولیس کے مطابق نیاز محمد وزیرستان کا رہائشی تھا اور وہ کار میں کراچی جا رہا تھا۔میرپورخاص میں گاؤں شادی پلی کے قریب 2 موٹر سائیکلیں ٹکرا گئیں جس سے 2 بھائیوں سمیت 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے میں 2 افراد زخمی بھی ہوئے ۔حجرہ شاہ مقیم میں تیزرفتار کار نے موٹرسائیکل کو ٹکر دے ماری جس کے نتیجے میں باسط علی، اس کی اہلیہ روبینہ بی بی اور بہن فاطمہ بی بی جاں بحق ہو گئے، باسط علی اعتکاف بیٹھا تھا اور وہ چاند نظر آنے پر بیوی اور بہن کو خریداری کیلئے بازار لے کر گیا تھا۔ پولیس نے ڈرائیور سرمد کو گرفتار کر لیا۔

سیہون شریف کی حدود میں زائرین کی 7 موٹرسائیکلیں آپس میں ٹکرا گئیں جس کے باعث 2 افراد جاں بحق اور 12 زخمی ہوگئے۔زائرین لعل شہباز قلندر کے مزار سے واپس جارہے تھے کہ ٹنڈو شہبازی کے مقام پر ان کی موٹر سائیکلیں آپس میں ٹکرا گئیں۔پولیس کے مطابق سڑک کے تعمیراتی کام کے باعث حادثہ پیش آیا۔

فاروق آباد کے قریب سرگودھا روڈ پر سچا سودا ڈیرہ بازیگراں سٹاپ پر تیز کار نے موٹرسائیکلوں کو ٹکر ماردی جس سے 3نوجوان جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا ۔جاں بحق افراد کی شناخت 25سالہ علی ولد اﷲ رکھا، 26سالہ عمران ولد مقصود اور 25سالہ وقاص ولد الیاس کے نام سے ہوئی۔ 32سالہ غضنفر ولد انور شدید زخمی ہو گیا۔

عبدالحکیم شہر میں عید کے دوسرے روزمخدوم پور انٹرچینج کے قریب دودھ لے جانے والی گاڑی نے موٹرسائیکل کو روند دیا جس پر سوار 2 خواتین بشیراں بی بی اور روبینہ بی بی اور ایک بچی جاں بحق ہو گئیں جبکہ عدنان شدید ز خمی ہو گیا جسے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔لاہور میں جناح انڈرپاس کے قریب تیزرفتاری کے باعث موٹرسائیکل پھسل کر کھمبے سے جا ٹکرائی جس کے نتیجے میں دو نوجوان لقمہ اجل بن گئے، ایک کی شناخت عبدالمعید ولد عارف کے نام سے ہوئی جبکہ دوسرے نوجوان کی شناخت نہیں ہو سکی۔

گلشن راوی میں تیزرفتاری گاڑی بے قابو ہو کر موٹرسائیکل سے ٹکرا گئی اور اس پر سوار شاہد نامی شہری موقع پر ہی دم توڑ گیا، ڈرائیور گاڑی چھوڑ کر فرار ہو گیا۔ پولیس نے کار کو قبضے میں لے کر مقدمہ درج کر لیا جبکہ لاش کو مردہ خانے منتقل کر دیا۔کھاڑک نالہ پنجاب یونیورسٹی روڈ پر تیزرفتار گاڑی بجلی کے کھمبے سے جا ٹکرائی اور فٹ پاتھ پر چڑھ گئی، حادثے میں 5افراد زخمی ہو گئے جن میں سے 2کی حالت تشویش ناک ہے۔

ریسکیو اہلکاروں نے گاڑی کاٹ کر زخمیوں کو باہر نکالا۔ زخمیوں محمد صہیب،عبداللہ، محمد قاسم، عبد الباسط اور عصمت اللہ کو جناح ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔حادثے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی تاہم پولیس واقعہ کی تحقیقات کر رہی ہے۔کاہنہ فیروز پور روڈ پر بھی تیز رفتار موٹر سائیکل کھمبے سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں22 سالہ فیروز جاں بحق ہو گیا۔

گوجرانوالہ کے علاقے کوٹ بلال کے قریب موٹر سائیکل گدھا گاڑی سے ٹکرا گئی،موٹر سائیکل پر 3 پولیس اہلکار اور ان کا دوست سوار تھے، حادثے میں ایک اہلکار اور ان کا دوست جاں بحق ہو گئے جبکہ 2اہلکار زخمی ہو گئے، تینوں پولیس اہلکار عید پر گھر آئے ہوئے تھے۔

حجرہ شاہ مقیم میں تیزرفتار کار نے موٹرسائیکل کو ٹکر دے ماری جس کے نتیجے میں باسط علی، اس کی اہلیہ روبینہ بی بی اور بہن فاطمہ بی بی جاں بحق ہو گئے، باسط علی اعتکاف بیٹھا تھا اور وہ چاند نظر آنے پر بیوی اور بہن کو خریداری کیلئے بازار لے کر گیا تھا۔

پولیس نے ڈرائیور سرمد کو گرفتار کر لیا۔لوئر دیر میں چنارکوٹ کے مقام پر گاڑی کھائی میں جاگری جس کے نتیجے میں بچی اور خاتون جاں بحق ہو گئیں،ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے میں 12 افراد زخمی ہوئے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button