پنجاب بار کونسل : وکلا کو ڈگریوں کی تصدیق کیلئے مزید مہلت
بڑی تعداد میں وکلا کے مطلوبہ دستاویزات جمع نہ کرانے پراظہار تشویش،کیو سہولت رجسٹریشن نہ ہونے پر لائسنس معطل ہونگے:خواجہ قیصر، فخر حیات

لاہور:(بیوروچیف) پنجاب بار کونسل نے وکلا کے تعلیمی ریکارڈ اور پیشہ ورانہ دستاویزات کی جانچ پڑتال کے عمل کو مزید موثر اور شفاف بنانے کے لیے اہم فیصلہ کرتے ہوئے بعض جامعات سے ایل ایل بی کی ڈگری رکھنے والے وکلا کو اپنی اسناد کی تصدیق اور مطلوبہ دستاویزات جمع کرانے کے لیے مزید مہلت دینے کا اعلان کیا ہے۔
یہ اعلان پنجاب بار کونسل کے وائس چیئرمین خواجہ قیصر بٹ اور چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی فخر حیات اعوان نے ایک مشترکہ بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ 01-01-2021 سے 31-03-2026 تک انرول ہونے والے ایسے وکلا ء جن کی ایل ایل بی ڈگریاں شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور، یونیورسٹی آف سندھ جامشورو، یونیورسٹی آف کراچی، گومل یونیورسٹی ڈیرہ اسماعیل خان، آزاد جموں و کشمیر یونیورسٹی مظفرآباد، محی الدین اسلامک یونیورسٹی مظفرآباد اور میرپور یونیورسٹی سے جاری ہوئی ہیں انہیں پہلے 31 مئی 2026 تک ہائر ایجوکیشن کمیشن سے تصدیق شدہ ڈگریاں جمع کرانے کی ہدایت کی گئی تھی۔
مختلف درخواستوں اور وکلا ء کو درپیش انتظامی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے اس مدت میں 10 جون 2026 تک توسیع کر دی گئی ہے۔ ایسے وکلا ء جنہوں نے ہائر ایجوکیشن کمیشن میں ڈگری تصدیق کے لیے درخواست جمع کرا رکھی ہے وہ دستاویزی ثبوت فراہم کر کے مزید مہلت کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔
خواجہ قیصر بٹ اور فخر حیات اعوان نے بتایا کہ متعلقہ وکلاء کی مکمل فہرست یکم جون 2026 تک پنجاب بار کونسل کی ویب سائٹ پر آویزاں کر دی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ جن وکلا ء کی انرولمنٹ فائلیں پنجاب بار کونسل کے ریکارڈ میں موجود نہیں، انہیں متعدد بار تحریری نوٹسز کے ذریعے تصدیق شدہ تعلیمی اسناد، فیس جمع کرانے کے ثبوت اور دیگر ضروری دستاویزات جمع کرانے کی ہدایت کی جا چکی ہے تاکہ ان کا ریکارڈ مرتب اور فائلیں ری کنسٹرکٹ کی جا سکیں۔
بڑی تعداد میں وکلا ء کی جانب سے تاحال مطلوبہ دستاویزات جمع نہ کرانے پر تشویش پائی جاتی ہے جس کے باعث ایسے کیسز کے حوالے سے پنجاب بار کونسل کے آئندہ اجلاس میں واضح لائحہ عمل مرتب کیا جائے گا۔ مزید برآں کیو سہولت رجسٹریشن کی آخری تاریخ میں بھی 10 جون 2026 تک توسیع کر دی گئی ہے اور اس تاریخ تک رجسٹریشن نہ کرانے والے وکلا ء کے لائسنس فوری طور پر معطل کر دئیے جائیں گے۔
پنجاب بار کونسل نے تمام ضلعی اور تحصیل بار ایسوسی ایشنز کے صدور کو ہدایت کی ہے کہ وہ ہنگامی بنیادوں پر اپنے ممبران کی کیو سہولت رجسٹریشن اور مطلوبہ دستاویزات کی تکمیل کو یقینی بنائیں تاکہ وکلا ء کو کسی بھی قسم کی انتظامی دشواری یا قانونی پیچیدگی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔



