لاہور:(سلمان حسین)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے محمد رضوان کو کپتانی سے فارغ کر کے ان کی جگہ شاہین شاہ آفریدی کو ون ڈے ٹیم کا کپتان مقرر کر دیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے آج اعلان کیا کہ شاہین شاہ آفریدی کو پاکستان ون ڈے ٹیم کا کپتان مقرر کر دیا گیا ہے، بائیں ہاتھ کے فاسٹ باؤلر اب جنوبی افریقہ کے خلاف تین میچوں کی ون ڈے سیریز میں ٹیم کی قیادت کریں گے، جو 4 سے 8 نومبر تک فیصل آباد کے اقبال اسٹیڈیم میں کھیلی جائے گی۔
شاہین شاہ آفریدی کی تقرری کا فیصلہ اسلام آباد میں ہونے والے اجلاس میں کیا گیا، جس میں ہیڈ کوچ مائیک ہیسن، ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس عاقب جاوید اور سلیکشن کمیٹی کے ارکان شریک ہوئے۔
25 سالہ فاسٹ باؤلر اب تک پاکستان کی جانب سے 66 ون ڈے اور 92 ٹی 20 انٹرنیشنلز کھیل چکے ہیں، جن میں انہوں نے مجموعی طور پر 249 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ 32 ٹیسٹ میچوں میں شاہین نے 120 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔
شاہین آفریدی اس سے قبل 2024 میں نیوزی لینڈ کے خلاف ان کے ہوم گراؤنڈ پر پانچ ٹی 20 میچوں میں پاکستان کی قیادت کر چکے ہیں۔
قبل ازیں،سی این این اردوڈاٹ کام نے رپورٹ کیا تھا کہ پی سی بی میں ون ڈے ٹیم کی کپتانی کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا، قومی ٹیم کے ہیڈکوچ مائیک ہسین کی تجویز پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے ون ڈے کپتان محمد رضوان کے مستقبل کا فیصلہ کرنے کے لیے اہم اجلاس بلایا۔
پی سی بی نے قومی ٹیم کے سابق کپتانوں مصباح الحق اور سرفراز احمد کو بھی مشاورت کے لیے بلالیا۔
قومی ون ڈے کپتان محمد رضوان کی قسمت کا فیصلہ اسلام آباد میں پی سی بی کے اجلاس میں ہوگا۔
محمد رضوان نے آخری مرتبہ اگست 2025 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز میں قومی ٹیم کی قیادت کی تھی، جہاں کیریبین ٹیم نے 1991 کے بعد پہلی بار پاکستان کے خلاف ون ڈے سیریز میں کامیابی حاصل کی۔
اسی دوران وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کو خاموشی سے ٹی 20 ٹیم کی قیادت سے ہٹا کر سلمان علی آغا کو نیا کپتان مقرر کر دیا گیا تھا۔



