پاکستانتازہ ترینجرم-وسزا

دھند میں راستے گم،کئی گاڑیاں ٹکرا گئیں، حادثات میں16افراد جاں بحق

حافظ آباد میں باراتیوںکی گاڑی بس ، فیصل آباد میں موٹرسائیکل اور رکشہ ٹکرا گئے،4افراد ہلاک، چنیوٹ میں3 افراد چل بسے

فیصل آباد،بہاولپور،کراچی، چناب نگر،حافظ آباد(نمائندگان /ویب ڈیسک)مختلف شہروں میں شدید دھند کے باعث گاڑیاں ٹکرانے اور دیگر ٹریفک حادثات میں 16افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق حافظ آباد میں لاہور سرگودھا روڈ پر مقامی فیکٹری کی بس اور منی وین میں تصادم کے نتیجہ میں دو افراد جاں بحق جبکہ ایک شدید زخمی ہوگیا۔ جلال آنہ کا رہائشی احمد علی اور سرفراز منی وین میں سوار ہوکر شادی کی تقریب میں جارہے تھے کہ راستہ میں نجی فیکٹری کی بس نے ٹکر دے ماری جس کے نیضہ میں احمد علی اور سرفراز دونوں موقع پر جاں بحق جبکہ ایک شخص زخمی ہوگیا۔
بس ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا۔فیصل آباد تھانہ صدر تاندلیانوالہ کی حدود میں واقع چنار شوگر مل روڈ کے قریب موٹر سائیکل اور رکشہ کے درمیان تصادم ہوا ہے جس کے نتیجے میں دو افراد موقع پر جاں بحق جبکہ ایک شخص شدید زخمی ہوگیا ہے۔ جڑانوالہ میں دھند کے باعث موٹر سائیکل سوار امام مسجد نالے میں گرکر جاں بحق ہوگیا۔ چناب نگر میں تیز رفتار ڈالہ بے قابو ہوکر موٹر سائیکل سے ٹکرا گیا جس سے موٹر سائیکل سوار بھاگن بی بی موقع پر زندگی ہار گئی جبکہ ا حمد خان شدید زخمی ہو گیا۔ چنیوٹ جھنگ روڈ پر متھرومہ سٹاپ کے قریب نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے نامعلوم راہ گیر جاں بحق ہو گیا۔
جلے والا محلہ سے تعلق رکھنے والا حمزہ تیز رفتار ڈمپر کی زد میں آ کر موقع پر جاں بحق ہو گیا ۔اسلام آباد کے تھانہ کھنہ کی حدود میں انتہائی خوفناک حادثہ پیش آیا جس میں دو تیز رفتار گاڑیاں سی ڈی اے کے خاکروب پر چڑھ دوڑیں۔ عینی شاہدین کے مطابق حادثے میں سی ڈی اے کا ملازم موقع پر جاں بحق ہوگیا، دونوں گاڑیاں ایک دوسرے سے ریس لگا رہی تھیں۔ پولیس نے کہا کہ تیز رفتاری کے سبب گاڑیاں بے قابو ہوئیں۔
واقعہ میں ملوث ایک گاڑی موقع سے فرار ہوگئی جبکہ دوسری گاڑی کو پولیس نے اپنے قبضے میں لے لیا۔بہاولپور میں چشتیاں روڈ پر ٹرالرکی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار دو بچے جاں بحق، والد زخمی ہو گیا۔ جاں بحق بچوں کی عمریں تین اور پانچ سال تھیں۔ سندھ میں دھند میں شدت کے باعث حادثات میں بھی اضافہ ہونے لگا، مختلف حادثات میں 5 افراد جاں بحق 20 سے زائد زخمی ہوگئے ۔ صوبہ سندھ میں دنیا پور میں نیشنل ہائی وے پر دھند کے باعث تیز رفتار ٹرالر ٹول پلازہ بوتھ سے ٹکراگیا۔
جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جب کہ دو زخمی ہوگئے۔ خیرپور میں ٹنڈومستی قومی شاہراہ پر دھند کے باعث ٹریفک حادثے میں خواتین اور بچوں سمیت 12 افراد زخمی ہوگئے۔ سجاول دھند کے باعث ٹرک نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار موقع پر دم توڑ گیا۔
پنڈی شیخ روڈ پر موٹر سائیکل اور چنگچی میں ٹکر کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق اور دو زخمی ہوئے جبکہ صادق آباد قومی شاہراہ پر دھندکے باعث بس کھڑے کنٹینر سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں ایک شخص جان سے گیا اور تین زخمی ہوئے۔ دریں اثنا نوشہروفیروز میں دھند کے باعث ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں 3 گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں جبکہ ٹرالر الٹ گیا،ٹرالر الٹنے کے باعث 100 سے زائد بھیڑ اور بکریاں ہلاک ہوگئیں۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button