لاہور ( بیورو چیف) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے لئے وائس چانسلر ڈاکٹر شاہد منیر کی خدمات قابل تحسین ہیں۔ یو ای ٹی دنیا کی صف اول کی جامعات میں شامل ہے۔ ملک کی ترقی میں طلبا اپنا بھر پور کردار ادا کریں۔ پاک افواج کی دہشتگردی کے خلاف قربانیاں لازوال ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور کے32ویں کانووکیشن میں بطور مہمان خصوصی شرکت کرنے کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ گورنر نے کہا کہ یو ای ٹی دنیا کی صف اول کی جامعات میں شامل ہے اور اس کا نام عالمی رینکنگ میں205ویں پوزیشن پر تعلیمی و تحقیقی کاوشوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ یو ای ٹی کو مالی اور انتظامی بحران سے نکالنے کا سہرا وائس چانسلر ڈاکٹر شاہد منیر کو جاتا ہے۔
گورنر نے کہا کہ ڈاکٹر شاہد منیر کی وژنری قیادت نے ادارے کو نئی شناخت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس جدید دور میں ترقی کے لئے نئی ٹیکنالوجی کو اپنانا بہت ضروری ہے۔ گورنر نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ اپنی تعلیم مکمل کرنے کے بعد پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اپنا بھر پور کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ ملک و قوم کو آ پ سے بہت زیادہ امیدیں وابستہ ہیں کیونکہ آپ مختلف شعبوں میں نئی ایجادات کر کے ملک و قوم کو اعلی مقام دلا سکتے ہیں۔
گورنر نے کہا کہ آپ خوش قسمت ہیں کہ اس باوقار ادارے سے تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ گورنر نے مزید کہا کہ افواج پاکستان کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہماری سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف لازوال خدمات سرانجام دے رہی ہے۔ گورنر نے کہا کہ پاکستان نے بھارت کے خلاف جنگ جیت کر اپنی عسکری برتری ثابت کی۔ انہوں نے کہا کہ آج بھی عالمی سطح پر پاکستان کی بہادر افواج کی مثالیں دی جاتی ہیں۔
کانووکیشن میں سال آخر کے بہترین پراجیکٹس کے حامل طلبہ کو نقد انعامات سے بھی نوازا گیا۔ تقریب میں طلبہ، ڈینز، اساتذہ، تدریسی و انتظامی عملے کے علاوہ دیگر جامعات کے وائس چانسلرز نے بھی خصوصی شرکت کی۔ تقریب کے اختتام پر وائس چانسلر نے گورنر پنجاب کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔



