پاکستانتازہ ترینکاروبار

سندھ اور کویتی کمپنی میں 3معاہدے: PPPپورٹ فولیو کو مزید وسعت دینگے مراد علی شاہ

سندھ کی قیادت کا میگا پروجیکٹس میں کلیدی کردار، تکمیل سے صنعتوں کو فروغ ملے گا، عبداللہ المطیری، مرتضیٰ وہاب، قاسم نوید قمر اور دیگر کا معاہدے کی تقریب سے خطاب

کراچی (ویب ڈیسک) وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ اسٹرٹیجک پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ (عوامی و نجی شراکتداری)کے ذریعے انفرااسٹرکچر، توانائی، جدت اور ماحولیاتی پائیداری کے شعبوں میں نئے معیار قائم کر رہی ہے۔ صوبے نے انر ٹیک ہولڈنگ کمپنی کے اشتراک سے تین بڑے سنگِ میل عبور کئے۔ وزیرِ اعلی ہاؤس میں منعقدہ تقریب میں نبیسر واجیہر واٹر سپلائی منصوبے کے کمرشل آپریشنز تاریخ کی تکمیل، این ای ڈی سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک کیلئے کنسیشن معاہدے پر عمل درآمد اور ٹی پی فور ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ منصوبے کیلئے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے گئے، ان منصوبوں پر 740 ملین ڈالرز سے زائد سرمایہ کاری ہوئی ہے۔
تقریب میں صوبائی وزرا، وزیرِ اعلی کے خصوصی معاون برائے سرمایہ کاری قاسم نوید، میئر کراچی مرتضی وہاب، کویت کی انرٹیک ہولڈنگ کمپنی کے سی ای او عبداللہ المطیری، سفارتکاروں اور دیگر شخصیات نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ فریم ورک کے تحت ان کے اقدامات انفرااسٹرکچر کی ترقی، توانائی کے تحفظ، جدت، ماحولیاتی پائیداری اور موثر عوامی و نجی تعاون کیلئے سندھ کے پختہ عزم کی عکاسی کرتے ہیں۔ وزیرِ اعلی نے نبیسر وجیہر واٹر سپلائی منصوبے کو ایک تاریخی کامیابی اور سندھ کی تاریخ کے سب سے بڑے اور پیچیدہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ منصوبوں میں سے ایک قرار دیتے ہوئے کہا کہ منصوبہ تھر کول پلانٹس کو پانی فراہمی یقینی بنائے گا، جس سے 1,650 میگاواٹ بجلی پیداوار ہوگی۔
215 ملین امریکی ڈالر کا یہ منصوبہ تھر بلاک ون کے پاور پلانٹس کو 45 کیوسک پانی فراہم کرے گا۔ اس منصوبے میں سندھ اور کویت حکومت کے قریبی تعاون کے باعث نمایاں غیر ملکی سرمایہ کاری حاصل ہوئی ہے۔ وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ تھر میں دنیا کے چھٹے بڑے کوئلہ ذخائر موجود ہیں جو کئی دہائیوں تک استعمال میں نہیں لائے جا سکے۔آج دنیا کی سستی ترین بجلی تھر کے کوئلے سے پیدا ہو رہی ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ تھر کوئلہ منصوبوں کے لیے پانی کی دستیابی ایک بڑا چیلنج رہی ہے۔ وزیرِ اعلی نے عبداللہ المطیری کو منصوبے کی بروقت تکمیل اور 7 ارب روپے کی بچت پر مبارکباد دی۔ وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ این ای ڈی سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک منصوبے کا مقصد تجارتی تحقیق، ٹیکنالوجی کی منتقلی، اسٹارٹ اپ انکیوبیشن اور صنعت و تعلیمی اداروں کے درمیان تعاون کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ این ای ڈی یونیورسٹی سے منسلک یہ منصوبہ سندھ کو نالج بیسڈ معیشت کے مرکز کے طور پر متعارف کرائے گا اور اعلی ملازمتوں کے مواقع پیدا کرے گا۔
مراد علی شاہ نے بتایا کہ ٹیکنالوجی پارک میں سلیکون ویلی جیسی سہولیات دستیاب ہوں گی اور اس میں نوجوان انجینئرز کو مواقع ملیں گے۔ وزیرِ اعلی نے کہا 400 ملین ڈالر سے زائد لاگت کا ٹی پی فور ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ منصوبہ کراچی میں ویسٹ واٹر منیجمنٹ کا دیرینہ خلا پر کرے گا اور کراچی کی صنعتوں کو پانی فراہم کرے گا۔ وزیرِ اعلی نے بتایا کے ایم سی اور انر ٹیک کا مشترکہ منصوبہ شہر میں اپنی نوعیت کا سب سے بڑا پروجیکٹ ہوگا اور ویسٹ واٹر مینجمنٹ میں نمایاں بہتری کیساتھ صنعتی ترقی کو سہارا دے گا۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ یہ سنگِ میل سندھ کے وسیع تر پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ پورٹ فولیو کا حصہ ہیں، جس میں حیدرآباد میرپورخاص ڈوئل کیرج وے، کراچی ٹھٹہ ڈوئل کیرج وے اور شاہراہِ بھٹو ایکسپریس وے جیسے اہم سڑک اور انفرااسٹرکچر منصوبے، نیز عوامی ٹرانسپورٹ، پانی، تعلیم، صحت اور شہری انفرااسٹرکچر کے بڑے اقدامات شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کراچی پورٹ سے قیوم آباد ایلیویٹڈ کوریڈور منصوبہ سال میں مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ وزیرِ اعلی نے کہا کہ یہ کامیابیاں صدرِ آصف زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی دوراندیش قیادت کے بغیر ممکن نہ تھیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کا پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ یونٹ عالمی درجہ بندی میں چھٹے نمبر پر ہے۔
وزیرِ اعلی نے کہا کہ سندھ کے عوام نے ہربار پیپلز پارٹی کو زیادہ مینڈیٹ کیساتھ منتخب کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی ہم نے ڈیلیور کیا، لوگوں کو حیران کیا ہے۔ انہوں نے کہا کراچی کے مسائل میرے پیدا کردہ نہیں لیکن میں انکے حل کی ذمے داری لیتا ہوں۔ انہوں کہا بلاول بھٹو زرداری جلد کورنگی میں انڈس اسپتال نیٹ ورک کی ایک سہولت کا افتتاح کرینگے۔ حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے وزیرِ اعلی نے کہا کہ حکومت پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ پورٹ فولیو کو مزید وسعت دیتی رہے گی۔
سندھ جدید، مضبوط اور جامع انفرااسٹرکچر کی ترقی میں صفِ اول پر رہے گا۔ وزیرِ اعلی کے خصوصی معاون قاسم نوید نے منصوبوں پر شرکا کو بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ یونٹ ملک کے نمایاں اداروں میں شامل ہوا ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عبداللہ المطیری نے سندھ حکومت کی معاونت سے نبیسر وجیہر واٹر سپلائی منصوبہ بروقت مکمل ہوا، یہ یونٹ بڑے اور پیچیدہ انفرااسٹرکچر منصوبوں کی تکمیل کے ذریعے سماجی و معاشی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ تھر کول منصوبوں کو پانی فراہمی سے نہ صرف بجلی پیداوار بڑھے گی بلکہ خطے میں توانائی اور انفرااسٹرکچر ترقی کو بھی فروغ حاصل ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ تھر کول منصوبوں کو پانی فراہمی بجلی پیداوار اور مستقبل کی صنعتی ترقی کیلئے گیم چینجر ثابت ہو گی۔
انرٹیک کے سربراہ نے مراد علی شاہ کو ایک دوراندیش رہنما قرار دیا جن کی قیادت میں متعدد اہم منصوبے کامیابی سے آگے بڑھائے گئے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی قیادت نے میگا پروجیکٹس کو عملی شکل دینے میں فیصلہ کن کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے حکومتِ سندھ کیساتھ شراکتداری جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button