
لاہور ( سلمان حسین ) چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) محسن نقوی نے کہا ہے کہ وہ وقت دور نہیں جب پی ایس ایل دنیا کی نمبر ون لیگ بنے گی۔ چیئرمین پی سی بی کی زیر صدارت پی سی بی بورڈ آف گورنرز کے82ویں اجلاس میں مالی سال برائے2024-25کے سالانہ آڈٹ مالیاتی اسٹیٹمنٹس کی باضابطہ منظوری دے دی گئی۔
اجلاس میں آئی سی سی گلوبل اینٹی کرپشن کوڈ کے مطابق پی سی بی کے پروسیجرل رولز، سعودی عرب کرکٹ فیڈریشن کے ساتھ کرکٹ سٹیڈیم جدہ کی ڈویلپمنٹ کے لئے تعاون کے حوالے سے اظہار دلچسپی اور جغرافیائی حدود کی روشنی میں لاہور کے زونز کی دوبارہ حد بندی اور ناموں پر نظرثانی کی منظوری دی گئی۔
اس موقع پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا کہنا تھا کہ دو برس کے دوران عبداللہ خرم نیازی نے ڈومیسٹک کرکٹ کے فروغ کیلئے دن رات محنت کی،پی ایس ایل سرمایہ کاری کے لیے بہترین مارکیٹ بن چکی ہے۔انشااللہ وہ وقت دور نہیں جب پی ایس ایل دنیا کی نمبر ون لیگ بنے گی۔



