پاکستانتازہ ترین

عدالتی فیصلے سے انصاف کو شکست اور وڈیرہ شاہی کو تقویت ملی :حافظ نعیم الرحمان

کراچی، لاہور ( ویب ڈیسک) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے ظالم جاگیرداروں اور وڈیروں کیخلاف جدوجہد پر مظلوم ام رباب چانڈیو خراج تحسین کی مستحق ہے، جماعت اسلامی ہر سطح پر سندھ کی بیٹی کے ساتھ کھڑی ہے اور وڈیرہ شاہی نظام کیخلاف جدوجہد جاری رکھے گی۔
حالیہ عدالتی فیصلے سے انصاف کو شکست ہوئی ہے جبکہ وڈیرہ شاہی کو تقویت ملی ہے۔ شواہد کے باوجود مجرموں کو باعزت بری کیا جانا سوالیہ نشان ہے۔ ام رباب کو دھمکیاں دی جا رہی ہیں اور رہا ملزمان نے دفعہ 144کے باوجود فائرنگ کرکے قانون کی دھجیاں اڑائیں۔ اگر قوم کی بیٹی ام رباب کو کوئی نقصان پہنچا تو اسکی مکمل ذمہ داری صوبائی حکومت کے سرپرستوں پر عائد ہوگی۔
وقت آ چکا ہے کہ سندھ میں وڈیروں کو لگام دی جائے اور عوام کو ان کے بنیادی حقوق دیئے جائیں۔ حافظ نعیم نے مزید کہا تہرا قتل انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت واقعہ ہے۔ اس موقع پر ام رباب چانڈیو نے کہا آج میں حافظ نعیم الرحمن کا شکریہ ادا کرنے آئی ہوں۔ میرا اور جماعت اسلامی کا کاز ایک ہی ہے اور وہ سندھ میں جاگیردارانہ نظام کیخلاف جدوجہد امید کرتی ہے باقی جماعتیں بھی میرا ساتھ دیں گی۔
انہوں نے کہا 8سال قبل پیپلز پارٹی کے وڈیرے نے میرے والد، دادا اور چچا کو بیدردی سے قتل کیا۔ عدالتی فیصلے نے بیگناہوں کو گناہ گار بنا دیا اور قاتلوں کو باعزت بری کردیا۔ اس موقع پر محمد یوسف، منعم ظفر خان، سیف الدین ایڈووکیٹ، مسلم پرویز، راشد قریشی، مجاہد چنا، زاہد عسکری، صہیب احمد اور دیگر بھی موجود تھے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button