لاہور،جھنگ (سلمان حسین) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پنجاب میں ٹیلی میڈیسن سسٹم متعارف کرانے اور جھنگ ڈی ایچ کیو ہسپتال میں کارڈیک سرجری شروع کرانے کا اعلان کیا ہے، نواز شریف میڈیکل ڈسٹرکٹ کی مارچ سے تعمیر شروع کرنے کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔
مریم نواز نے جھنگ میں کیتھ لیب کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہپنجاب کے عوام کو ہر قسم کے علاج کی سہولت گھر کی دہلیز پر دیں گے۔ جھنگ جیسے دور افتادہ شہر میں کیتھ لیب دیکھ کر خوشی ہوئی، میرا خواب پورا ہوا۔ اب غریب امیر کا ایک ہی جیسا علاج ہوگا۔ میرے ذہن میں کوئی تفریق نہیں۔ غربت اور وسائل کی کمی کے شکار افراد کے لئے ہارٹ اٹیک کسی قیامت سے کم نہیں۔ مشکل کی گھڑی میں مریض کو شفٹ کرنے کے لئے گاڑیوں کے کرائے بھی ادا کرنے پڑتے ہیں۔
ہارٹ اٹیک ہونے پر 60منٹ کے گولڈن آور میں مریض کو ہسپتال شفٹ کرنے سے جان بچائی جاسکتی ہے۔ جھنگ میں کیتھ لیب دیکھ کر بے حد خوشی ہوں۔ انہوں نے جھنگ کی کیتھ لیب میں مریض کے پروسیجر کا مشاہدہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال میں لوگوں نے بتایا کہ ہارٹ اٹیک ہونے پر مریض لاہور لیجانے کی بجائے جھنگ ہسپتال میں لائے ہیں۔ مریض کو فیصل آباد کارڈیالوجی میں 8 ماہ بعد کی تاریخ ملی، جھنگ میں 48 گھنٹے میں پروسیجر مکمل ہوگیا۔ انتظامیہ کی معاونت کے بغیر ممکن نہیں تھا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہم عوام کے دکھ درد میں ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے۔ پنجاب بھر میں 16 کیتھ لیب کا آغاز ہفتوں اور مہینوں میں کیا۔ ساہیوال، مری اور سرگودھا میں کارڈیالوجی کے انسٹی ٹیوٹ بنائے۔ مری میں علاج کے لئے دوردراز علاقوں کے علاوہ کے پی کے سے بھی سے لوگ آتے ہیں۔
ہم نے اپنے دروازے دوسرے صوبوں کے بہن بھائیوں کے لئے کھول رکھے ہیں۔ مریم نواز نے کہا کہ جب بھی نیا ہسپتال ڈیزائن کرتے ہیں، دوسرے صوبوں کے مریضوں کی ضرورتوں کو بھی مد نظر رکھتے ہیں۔ لاہور میں 100بیڈ کا پہلا سرکاری کینسر ہسپتال پنجاب کے علاوہ دوسر ے صوبوں کے مریضوں کی ضرورتوں کو بھی مد نظر رکھ کر بنایا جا رہا ہے۔ جھنگ کیمرہ مانیٹرنگ سیف سٹی بن چکا ہے۔ دیہی اور نیم شہری علاقوں میں بیوٹیفکیشن کے چار پراجیکٹ جلد مکمل کرائیں گے۔ 350 کلومیٹر سڑکوں کی تعمیر ومرمت ہوچکی ہے، چھ ماہ میں جھنگ ترقی یافتہ شہر کا منظر کا پیش کرے گا۔
مریم نواز نے کہا کہ پنجاب میں اب صفائی گھر کی دہلیز تک ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب بھر میں 7 لاکھ مریضوں کو انسولین اور دیگر مفت ادویات پہنچاچکے ہیں۔ مریضوں کے لئے ہوم ڈیلیوری میڈیسن اور بھی بڑھائیں گے۔ ٹیلی میڈیسن سسٹم کے تحت ڈاکٹر فون کی سکرین پر موجود ہوگا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب ٹیکنالوجی اورگڈ گورننس ریکارڈ قائم کر رہاہے، پنجاب ایسی ماں کے مانند ہے جو خود جاکر تکلیف کا علاج کرتی ہے۔کمیونٹی ہیلتھ انسپکٹر اب گھر گھر جاکر لوگوں کا علاج کریں گے اور چھ ماہ میں مکمل ہیلتھ پروفائل بنائیں گے۔
مریم نواز نے کہاکہ کے پی کے میں دل کے پیدائشی مریض بچے کے والد نے علاج کیلئے ایپلیںکیںکسی نے مدد نہیںکی۔کمسن ہارٹ پیشنٹ کے والد نے کہا کاش ہماری وزیراعلیٰ مریم نواز ہوتیں۔میں سمجھتی ہوں جو مریض کے علاج میں غفلت کرتے ہیںانہیں حکومت کرنا کا کوئی حق نہیں۔انہوں نے کہا کہ دریائے فرات کے کنارے کتا پیاسا مر جائے تو حضرت عمرؓ ذمہ دار ہیں تو سی ایم کیسے ذمہ دار نہیں ہوسکتا ہے۔گٹر کا ڈھکن نہ ہونے سے مرنے والوں کا ذمہ دار کون ہے؟
کیتھ لیب پراجیکٹ کی تکمیل پر صوبائی وزیر خواجہ عمران نذیرکو مبارکباد دیتی ہوں۔کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور اور ڈی سی علی اکبرکو بھی کیتھ لیب کی تکمیل پر شاباش دیتی ہوں اور جھنگ میں کرائم کا گراف نیچے لانے پر ڈی پی او اور پوری پولیس ٹیم کو بھی شاباش دیتی ہوں۔دریں اثنا وزیراعلیٰ نے کراچی کے گل پلازہ میں آتشزدگی کے سانحے کے بعد پنجاب بھر میں تمام فائر سسٹمز کے آڈٹ کا اعلان کر دیا۔ ایک بیان میں مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ نئے ایس او پیز تیار ہوں گے اور فائر سیفٹی سسٹمز کو مضبوط کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ شارٹ سرکٹ کے خدشات پر سرکاری و نجی عمارتوں کی مکمل جانچ ہوگی، تاکہ آگ کے خطرات کو بروقت روکا جا سکے، سرکاری دفاتر، ہسپتالوں، سکولوں اور نجی اداروں میں حفاظتی اقدامات یقینی بنائے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ آگ کے خطرات کو بروقت روکنے کیلئے موثر اقدامات کئے جائینگے۔



