پاکستانتازہ ترینتعلیم/ادبجرم-وسزاعلاقائی خبریں

پنجاب :56ہزارمساجد کی نمبرشماری ، 20863 دینی مدارس کا ڈیٹا مرتب

لاہور:( جنرل رپورٹر)پنجاب حکومت نے امن و امان کے قیام اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے تاریخی اقدامات اٹھاتے ہوئے مساجد کے نظام کو ’’عوامی امانت‘‘ قرار دے دیا ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر صوبے بھر میں مقامی معززین اور علما پر مشتمل مزید مؤثر مسجد مینجمنٹ کمیٹیاں قائم کرنے پر اتفاق ہوا ہے، تاکہ مساجد کے انتظامات میں شفافیت اور عوامی شمولیت کو یقینی بنایا جا سکے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے مساجد کی بحالی اور ان کے نظام کی بہتری کے لیے ’’روح پرور سفر‘‘ کا آغاز کر دیا ہے۔ حکومت کی جانب سے آئمہ کرام کی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کے وظائف کی فوری اور شفاف ادائیگی یقینی بنانے کے احکامات بھی جاری کیے گئے ہیں۔ آئمہ کرام کی رجسٹریشن کے لیے فارم کی تیاری آخری مراحل میں داخل ہے جبکہ صوبے کی تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنر دفاتر میں خصوصی کاؤنٹر قائم کر دیے گئے ہیں جہاں مینوئل اور ڈیجیٹل دونوں طریقوں سے فارم جمع کرائے جا سکیں گے۔

حکام کے مطابق آئمہ کرام کو وظائف کی باقاعدہ ادائیگی کا عمل چند ہفتوں میں شروع ہو جائے گا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب میں پہلی بار مدارس و مساجد کا مکمل ڈیجیٹل ریکارڈ تیار کیا گیا ہے۔ صوبے کے 20 ہزار 863 دینی مدارس کا ڈیٹا مرتب کرلیا گیا جبکہ 56 ہزار مساجد کی جیو ٹیکنگ اور نمبر شماری بھی مکمل کر لی گئی ہے۔

پنجاب میں غیر قانونی افغان باشندوں کے خلاف کارروائیاں بھی جاری ہیں۔ بریفنگ کے مطابق افغان شہریوں کو کرایہ داری دینے والے 64 افراد کو گرفتار کیا گیا جبکہ تین فیکٹری مالکان کے خلاف غیر قانونی افغان باشندوں سے کاروباری تعلق ثابت ہونے پر مقدمات درج کیے گئے۔ صوبے بھر میں 45 ہزار سے زائد مقامات پر چیکنگ کے ذریعے غیر قانونی افغان شہریوں کی نشاندہی کا عمل تیز کر دیا گیا ہے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button