انٹر نیشنلپاکستانتازہ ترین

اسرائیل کی غزہ میں پناہ گاہوں پر بھی بمباری، صحافی سمیت 45شہید: یہودی آبادکاروں نے فلسطینیوں کے گھر جلا دئیے

خوراک کے ذخیروں پر حملوں کیلئے امریکی ریپبلکن پارٹی کی حمایت حاصل: اسرائیلی قومی سلامتی وزیر کا دعویٰ

غزہ، نیویارک (ویب ڈیسک ) غزہ میں فلسطینی شہریوں کی پناہ گاہوں پر اسرائیل کے رات بھر حملوں میں کم از کم 45فلسطینی اور 100سے زائد زخمی ہوگئے۔ قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کے مطابق طبی ذرائع نے بتایا کہ بدھ سے جمعرات کی صبح تک صیہونی فوج نے مظلوم فلسطینی عوام کی پناہ گاہوں پر حملے جاری رکھے، بمباری کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 45افراد شہید ہوئے، شہدا میں ایک صحافی بھی شامل ہے۔ جمعرات کی صبح سے اب تک کے حملوں میں 13فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔
غزہ کے مرکزی خیمے کی پناہ گاہ پر اسرائیلی حملے میں 3 بچے بھی شہید ہوئے، اس سے پہلے وسطی غزہ میں نصیرات کے مغرب میں خیمہ پناہ گاہ پر مہلک اسرائیلی حملے کی اطلاع ملی تھی۔ مقامی فلسطینی میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ فضائی حملے میں 3 بچے شہید ہوئے، جس کے نتیجے میں فراز اللہ خاندان کے خیمے کی پناہ گاہ میں آگ لگ گئی۔
غزہ میں طبی ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے الجزیرہ عربی نے اطلاع دی کہ شہید ہونے والوں میں الاقصیٰ ریڈیو کے صحافی سعید ابو حسنین بھی شامل ہیں۔ ادھر اسرائیل کے انتہائی دائیں بازو کے قومی سلامتی کے وزیر عمار بن گویر نے کہا ہے کہ امریکی ریپبلکن پارٹی کے قانون ساز غزہ میں خوراک اور امداد کے ڈپو پر بمباری کی ضرورت کے بارے میں ان کے بہت واضح موقف کی حمایت کرتے ہیں۔ مزید برآں اسرائیلی انسانی حقوق کے گروپ یش دین نے مقبوضہ مغربی کنارے میں رملہ کے شمال مشرق میں واقع سنجیل گائوں میں اسرائیلی آباد کاروں کی جانب سے فلسطینیوں کے گھروں اور زرعی اراضی پر حملے اور انہیں جلانے کی تصاویر اور ویڈیو کلپ شیئر کی ہیں۔دوسری جانب فلسطینی اتھارٹی ( پی اے) کے صدر محمود عباس نے حماس سے جنگ کے خاتمے کے لیے ہتھیار ڈالنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔ محمود عباس ایک اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔
محمود عباس نے حماس سے تمام اسرائیلی یرغمالیوں کو رہا کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ یرغمالیوں کو رہا نہ کرنے سے اسرائیل کو غزہ پر حملے کا بہانہ مل رہا ہے۔ ادھر حماس کے رہنما باسم نعیم نے فلسطینی صدر محمود عباس کے الفاظ کا توہین آمیز قرار دے دیا۔
حماس رہنما نے کہا کہ عباس باربار اور مشکوک انداز میں اسرائیلی جرائم کا الزام ہمارے لوگوں پر لگا رہے ہیں۔ دریں اثنا اقوام متحدہ نے اسرائیل کو غزہ کی آبادی کو انسانی بقا کی ضروریات سے محروم کرنے کا انتباہ دے دیا۔ اقوام متحدہ کے دفتر برائے رابطہ انسانی امور ( او سی ایچ اے ) نے خبردار کیا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے غزہ تک امدادی سامان کی ترسیل روکنے سے علاقے کی آبادی انسانی بقا کی ضروریات سے محروم ہوگئی ہے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button