پاکستانتازہ ترینصحت

سروسزہسپتال: انتظامیہ کی ملی بھگت ،کینٹین،فارمیسی کے ٹھیکوں میں کرپشن

انتظامیہ نے کینٹین کا 2024سے ٹھیکہ ختم ہونے کے باوجود نیا ٹینڈرجاری نہ کیا،اورنج فارمیسی کو بھی کھلی چھوٹ،خزانے کو کروڑوں کا نقصان،فارمیسی نے حکم امتناع لے رکھا ،جج چھٹی پرہیں:ایم ایس عابد غوری

لاہور:(بیوروچیف/سید ظہیر نقوی)سروسز ہسپتال لاہورمیں کرپشن کا بازار گرم ہوگیا ٹھیکوں سمیت کئی معاملات میں غبن اور وسائل کی لوٹ مارجاری ہے۔سروسز ہسپتال میں کینٹین اور فارمیسی کے ٹھیکوں کے حوالے سے ملی بھگت،اقربا پروری اور بڑے پیمانے پر کرپشن کا انکشاف ہوا ہے،سرکاری خزانے کو کروڑوں کا نقصان ہورہا ہے مگر کسی کے کان پر جوں تک نہیں رینگی ۔

2024میں کینٹین کا ٹھیکہ ختم ہوچکا جس کو دوبارہ دسمبر 2024تک توسیع دی گئی مگر اس کے باوجود نہ تو کوئی نیا ٹینڈر جاری ہوانہ ہی نیا ٹھیکہ دیا گیا ہے ۔

ذرائع کے مطابق کینٹین کا ٹھیکہ صرف 62لاکھ میں دیا گیا ٹھیکے کیلئے مبینہ طور پر ناموں کا بھی غلط اندراج کرایاگیا ،62 لاکھ کا ہونے والہ ٹھیکہ ناصر اینڈ یاسر کے نام سے نہیں بلکہ کسی اور نام سے حاصل کرنے کا انکشاف ہواہے۔کینٹین پر دھڑلے سے اوورچارجنگ جاری ہے جس کو کوئی پوچھنے والا نہیں ذرائع کے مطابق ایڈمن سٹاف اور ڈاکٹر سرپرستی کررہے ہیں جس کا سارا خمیازہ مریضوں اور ان کے لواحقین کو بھگتنا پڑ رہا ہے ۔

غیر قانونی طور پر چلنے والی کینٹین ایک جگہ نہیں ہسپتال میں 2 جگہ موجود ہے جس کے متعلق پتہ چلا ہے کہ سابق ایم ایس منیر ملک کے دور سابق میں پیڈا زدہ اے ایم ایس ایڈمن ڈاکٹر نیاز نے غیر قانونی طور پر جگہ کینٹین کیلئے جگہ فراہم کی تھی۔

سروسز ہسپتال میں قائم اورنج فارمیسی جو 2016میں قائم کی گئی تھی عرصہ دراز سے بغیرکسی ادائیگی اور قواعد وضوابط کےتحت چل رہی ہے ،اورنج فارمیسی سے متعلق پتہ چلا ہے کہ اس کی بابت سٹے چل رہا ہے جو سابق ایم ایس ڈاکٹر عبدالمدبر کی وجہ سے سامنے آیا تھا لیکن آج تک کسی نے فارمیسی خالی کرانے کی جرات تک نہیں کی۔

موجودہ وزیر اعظم شہبازشریف جو اس وقت وزیراعلیٰ تھے نے ماڈل فارمیسی کا آئیڈیا دیا تھا جس کے مطابق مریض ادویات باہر سے خریدنے کی بجائے ہسپتال سے نو پرافٹ نو لاس پر خریدیں گے لیکن ادویات سستی دینے کی بجائے مہنگی فروخت کی جارہی ہیں۔

کینٹین اور فارمیسی مافیا اتنا مضبوط ہوچکا ہے کہ موجودہ ایم ایس سمیت کسی میں اتنی جرات نہیں ہوپارہی کے قومی خزانے کی لوٹ مارکو روک سکے اس کے برعکس کچھ عرصہ قبل ڈاکٹر حامد کو ہسپتال کی رہائش گاہ سے نکالنے کے لئے انتظامیہ نے لائٹ بند کی پولیس بلائی اور زبردستی نکالا لیکن اس مافیا کے خلاف کارروائی سے سب گریزاں سے جس سے پتہ چلتا ہے کہ دال میں کچھ کالا ہے۔

شہریوں نے وزیراعلیٰ مریم نوازوزیر صحت اور دیگرحکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وسائل کی لوٹ ماراور غبن کا نوٹس لے کر انکوائری کرائی جائے ،ملوث افراد کو فوری اور کڑی سزا دے کر نشان عبرت بنایا جائے۔

ایم ایس ڈاکٹر عابد غوری جو کہ 2024سے عہدے پر براجمان ہیں انہوں نے موقف جاننے کیلئے رابطہ کرنے پر سی این این اردوڈاٹ کام کو بتایا کہ کینٹین کے حوالے سے تقریبا 10دن پہلے ہی سنٹرل نے آکشن کا آرڈرکردیا ہے جس کا فیصلہ متعلقہ محکمہ کرے گا۔

غیر قانونی فارمیسی کے حوالے سے نشاندہی پر ایم ایس ڈاکٹر عابد غوری نے تمام مدعا عدلیہ پر ڈال دیا ،انہوں نے کہا کہ اورنج فارمیسی نے نام نہاد حکم امتناع لے رکھا ہے ،8ماہ میں صرف دو مرتبہ کیس سماعت کیلئےمقررہواجبکہ دونوں مرتبہ متعلقہ جج چھٹی پر تھے ان کا کہنا تھا کہ حکم امتناع جلد ختم ہوجائے گا۔

 

 

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button