پاکستانتازہ ترینسپورٹس

ویمن ٹی 20 ورلڈ کپ کا میزبان بھی پاکستان: چیمپئنز ٹرافی ہائبر ڈ ماڈل کے تحت ہو گی، آئی سی سی

ماڈل کے تحت 8ٹیموں کے ٹورنامنٹ میں صرف بھارت کے میچ پاکستان سے باہر کھیلے جائیں گے، نیوٹرل وینیو کا انتخاب پاکستان کریگا

چیمپئنز ٹرافی اور 2027ء تک ہائبرڈ ماڈل پر تحریری معاہدے کے بغیر آگے نہیں بڑھیں گے، چیئر مین پی سی بی محسن نقوی، قذافی سٹیڈیم کا دورہ

لاہور ( سپورٹس رپورٹر) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے چیمپئنز ٹرافی کے ہائبرڈ ماڈل پر ہونے کی تصدیق کردی۔ کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق چیمپئنز ٹرافی ہائبرڈ ماڈل کے تحت کھیلی جائے گی، بھارتی ٹیم ایونٹ میں اپنے میچز نیوٹرل وینیو پر کھیلے گی، بھارت کے لئے نیوٹرل وینیو کا انتخاب پاکستان کرے گا۔ رپورٹ کے مطابق اس ماڈل کے تحت 8ٹیموں کے ٹورنامنٹ میں صرف بھارت کے میچز پاکستان کے علاوہ کسی دوسرے مقام پر کھیلے جائیں گے۔ 2027ء تک کے تمام آئی سی سی ایونٹس ہائبرڈ ماڈل کے تحت ہی کھیلے جائیں گے اور اس دوران پاکستان بھی بھارت کا دورہ نہیں کرے گا ۔ بھارت کی میزبانی میں ہونے والے تمام ایونٹس میں پاکستان کے میچ بھی نیوٹرل وینیو پر کھیلے جائیں گے۔ پاکستان چار سال بعد ایک اور آئی سی سی ایونٹ کی میزبانی کرے گا، آئی سی سی نے 2028ء کے ویمن ٹی 20ورلڈ کپ کی میزبانی بھی پاکستان کو دیدی ہے، 2028 ء ویمن ٹی 20ورلڈ کپ اگلے سائیکل کا پہلا آئی سی سی ایونٹ ہوگا۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ویمن ٹی 20ورلڈ کپ میں بھی پاکستان بھارت کا فیوژن فارمولا اپلائی ہوسکتا۔ آئی سی سی کی ویب سائٹ پر پوسٹ کئے گئے اپ ڈیٹ میں بتایا گیا ہے کہ آئی سی سی مینز چیمپئنز ٹرافی 2025پاکستان بھر میں کھیلی جائے گی اور ایک نیوٹرل مقام پر آئی سی سی چیمپئینز ٹرافی کے شیڈول میں آنے والے انڈیا کے تمام میچ ایک نیوٹرل مقام پر کھیلے جائیں گے۔ دوسری طرف وزیر داخلہ اور چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی اور 2027ء تک ہائبرڈ ماڈل پر تحریری معاہدے کے بغیر آگے نہیں بڑھیں گے۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی اور 2027ء تک تحریری معاہدے کے بغیر آگے نہیں بڑھیں گے ، بھارت کے ساتھ تمام معاملات تحریری طور پر طے پائیں گے۔ انتظار کر لیں سب چیزیں سامنے آ جائیں گی ۔ قبل ازیں محسن نقوی نے قذافی سٹیڈیم کے انکلوژرز سے گرائونڈ کا منظر بھی دیکھا اور کہا کہ قذافی سٹیڈیم میں اب شائقین کرکٹ کو میچ کے دوران بہترین ویو ملے گا۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button