لاہور(بیوروچیف/سید ظہیر نقوی) سی سی ڈی کا شہر میں نہ رکنے والے مقابلوں کا سلسلہ جاری ہے۔ ڈیفنس کے علاقے میں ایک اور مبینہ پولیس مقابلے میں ملزم ہلاک ہو گیا، ہلاک ہونے والے ملزم کی شناخت انور ملنگی کے نام سے ہوئی ہے۔
ملزم فیض 7سال سے مفرور،اغوا برائے تاوان کے مقدمہ میں پولیس کو مطلوب تھا
سی سی ڈی ذرائع کے مطابق ہلاک ملزم کو اہلکار ریکوری کے دوران لے جا رہے تھے کہ اس دوران ملزمان کے ساتھیوں نے پولیس ٹیم پر فائرنگ کر دی، فائرنگ کی زد میں آکر زیر حراست ملزم انور ملنگی ہلاک ہو گیا۔
ذرائع نے بتایا کہ ہلاک ہونے والا ملزم تین درجن سے زائد وارداتوں میں ملوث تھا، جن میں ڈکیتی، چوری اور دیگر سنگین جرائم شامل ہیں، پولیس کا کہنا ہے کہ اس کارروائی میں ایک اور اہم مجرم کی گرفتاری کی راہ ہموار ہوئی ہے جس سے شہر میں جرائم کی شرح کو کنٹرول کرنے میں مدد ملے گی۔دریں اثنا اغوا برائے تاوان سیل لاہور نے ہنجروال کے علاقہ میں کامیاب کارروائی کرتے ہوئے7سال سے مفرور اشتہاری ملزم گرفتار کر لیا۔
ترجمان کے مطابق گرفتار ملزم فیض علی لاہور پولیس کو اغوا برائے تاوان کے مقدمہ میں مطلوب تھا ، ملزم کو جدید ٹیکنالوجی سمیت ہیومن انٹیلی جنس اور پروفیشنل سکلز کو بروئے کار لاتے ہوئے گرفتار کیا گیا ۔



