لاہورگجرات ( بیوروچیف/سید ظہیر نقوی) چوہنگ کے علاقے میں ہونے والے پولیس مقابلے میں سی ٹی ڈی نے 3ڈاکو ہلاک کر دئیے، جبکہ 2فرار ہوگئے۔ ترجمان کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کے مطابق دو موٹر سائیکلوں پر سوار 5ڈاکو چوہنگ سے ملتان روڈ کی جانب جا رہے تھے۔
اسی دوران سی سی ڈی اہلکاروں نے انہیں مشکوک جان کر رکنے کا اشارہ کیا، تاہم موٹرسائیکل سوار ڈاکوئوں نے بچنے کے لیے پولیس پر فائرنگ شروع کر دی، جس پر پولیس کی جانب سی بھی بھرپور جوابی کارروائی کی گئی، جس کے نتیجے میں 3ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے مارے گئے جبکہ 2فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
پولیس نے ڈاکوئوں کی لاشیں ایدھی ایمبولینسز کے ذریعے پوسٹمارٹم کے لیے منتقل کر کے فرار ہونے والے ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے ناکہ بندی کر دی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ڈاکوئوں کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی۔ ابتدائی تفتیش کے دوران یہ انکشاف ہوا ہے کہ ہلاک ہونے والے ڈاکو ایک واردات کے دوران خاتون سے زیادتی میں بھی ملوث تھے۔ پولیس کو جائے وقوعہ سے اسلحہ اور دیگر مشکوک سامان بھی ملا ہے۔ادھر کھاریاں میں تھانہ ککرالی کے علاقے میں سی سی ڈی سرگودھا کے زیرحراست ملزم پر چڑیاولہ کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ کردی۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے فائرنگ سے ملزم زاہد عمران ملکوال مارا گیا، ملزم نے دوران تفتیش اشتہاریوں کا چڑیاولہ میں پناہ لینے کا انکشاف کیا تھا، جس پرملزم کو اشتہاریوں کی نشاندہی کیلِئے لایا گیا تھا کہ اچانک ملزمان نے فائرنگ شروع کردی، جس نے نتیجے میں ملزم مارا گیا ۔



